نئی دہلی، 6 جنوری (یو این آئی) گولف بھی تمام کھیلوں کی طرح ایک ذہنی اور جسمانی کھیل ہے۔ یہ ایک ایسا کھیل ہے جو مکمل طور پر پرسکون اور متوازن رہنا سیکھاتا ہے۔گولف چونکہ دنیا بھر میں کھیلا جانے والا ایک معروف کھیل ہے اور یہ دنیا کے مختلف براعظموں میں کھیلا جاتا ہے، ہر براعظم کے موسمی حالات بہت سخت ہوتے ہیں،کبھی انتہائی سرد اور ہوا دار سے لے کر گرم اور مرطوب تک، اور کھلاڑی کو اپنے کھیل کو اسی کے مطابق ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے۔
ہندستان میں بھی گولف کھیلا جاتا ہے۔ یہاں کے کھلاڑیوں نے اپنا نام دنیا بھر مشہورکیا ہے۔ اب یہ کھیل مردوں تک ہی محدود نہیں رہا ، بلکہ خواتین بھی اس کھیل میں اپنے ہنر دکھا رہی ہیں اور آج کی تیز رفتار بدلتی دنیا کے ساتھ ساتھ ہندستانی خواتین بھی گولف کی طرف زیادہ مائل ہورہی ہیں۔ ان کا رجحان گولف کی جانب زبردست رفتار سے بڑھ رہا ہے۔ وانی کپور بھی انہیں نوجوان کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے گولف کو اپنا کیرئر اور پیشن بنالیا ہے۔
وانی کپور، جو اب ایک پیشہ ور گولفر ہیں، اپنے سفر کا آغاز سری رام اسکول کی ایک نوجوان طالب علم کے طور پر ڈی ایل ایف گولف کورس کے ایک گولف کیمپ میں کیا تھا، اور اس کھیل کے لیے اپنی پوری لگن کے ساتھ انہوں نے بین الاقوامی شہرت حاصل کی ہے۔ وانی نے شوق کے طور پر گولف شروع کی۔ لیکن وانی کو شاید یہ معلوم نہ تھا کہ یہ شوق ان کا کیریئر بن جائے گا۔ صرف چند ہی لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں اپنے شوق کو کریئر میں بدلنے کا ہنر آتا ہے۔ وانی نے اپنے شوق کو اپنے مشغلے میں بدلتے ہوئے دیکھا۔ ان کو اپنی ہر جیت سے حوصلہ ملتا رہا انہیں نئے چیلنجوں کو جیتنے کی ترغیب ملتی رہی۔اس سے ان کی کارکردگی میں بھی مسلسل بہتر ہونے لگی اور ان کے اعتماداضافہ ہوتا گیا۔