اسلام آباد، 22 جنوری (یواین آئی) پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کا سبب ناقص امپائرنگ کو قرار دے دیا، انہوں نے کہا دوسرا گول دیا گیا تو اس سے پہلے گیند نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کے پاؤں سے لگ چکی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائر میں تیسری پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ہرادیا تھا، گزشتہ رات نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا تھا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی، جن حالات میں ہم عمان میں کھیلنے آئے وہ سب کے سامنے ہیں، تماشائیوں نے بھی پاکستانی ٹیم کو بہت سپورٹ کیا لیکن اچھی پرفارمنس کے باوجود کوالیفائی کرنے سے محرومی کا دکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے دوران دوسرے گول پر کپتان نے ریفرل مانگا تو ٹی وی امپائر نے معذرت کرتے ہوئے کہا وہاں کیمرا نہیں بال کلیئر نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو گول دے دیا گیا اور مقابلہ برابر ہوگیا۔انہوں نے اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کا سبب ناقص امپائرنگ کو قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے ایونٹ میں ایسے اقدام نہیں ہونے چاہیے تھے، ایک غلط فیصلے سے پاکستان اولمپکس سے باہر ہوگیا۔پاک ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ اُس وقت ہماری فاؤل ہونے کی ایپل اور ریفرل کو تسلیم کیا جانا چاہیے تھا، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا قوانین بھی کہتا ہے کہ جس ٹیم کا میچ ہو، اس دوران اس ملک کا کوئی آفیشل ڈیوٹی نہیں دے سکتا مگر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نیوزی لینڈ کا ہی تھا، جو تمام چیزوں کو کنٹرول کر رہا تھا۔
انہوں وضاحت دی کہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے فیصلے پر معذرت بھی کی ہے لیکن اب اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، تعصب اور ناقص امپائرنگ کی وجہ سے پاکستان کوالیفائی نہیں کرسکا۔