نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کو ہفتہ کے روز ایک نیا ستارہ مل گیا جب حیدرآباد کے 21 سالہ بلے باز نتیش ریڈی نے ہفتہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں شاندار سنچری کے ساتھ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا۔نتیش کی آج کی اننگ کئی معنوں میں برسوں تک یاد رکھی جائے گی۔ وہ ایک ایسے وقت میں کریز پر آئے جب ہندوستانی ٹیم فالو آن کے بحران میں گھری ہوئی تھی اورآسٹریلیا کے خطرناک باؤلنگ اٹیک کے سامنے اس کے ٹاپ بلے باز ہتھیار ڈال کر پویلین لوٹ چکے تھے۔ نتیش نے ان نازک لمحات کا ہمت کے ساتھ سامنا کیا اور ناٹ آؤٹ 105 رنز کی اننگ سے ہندوستانی کرکٹ کی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔سات وکٹ پر 221 پر کریز پر آتے ہوئے، ریڈی کی اننگ صبر اور خوبصورتی میں ایک ماسٹر کلاس تھی۔ یہ نوجوان کھلاڑی 115 ویں اوور میں اسکاٹ بولینڈ کو مڈ آن پر چوکا لگا کر شاندار انداز میں اپنی سنچری مکمل کی۔ گیند باؤنڈری لائن کے پار ہوتے ہی تماشائی گیلری میں موجود نتیش کے والد نے جذباتی انداز میں ہاتھ جوڑ کر خدا کا شکر ادا کیا۔
سنچری مکمل ہوتے ہی ریڈی نے پچ پر گھٹنے ٹیکے، بلے کو زمین پر رکھا اور ہیلمٹ اوپر اٹھاکر اپنی اس حصولیابی کا عاجزی کے ساتھ جشن منایا۔ اس کے ساتھ، 21 سال اور 214 دن کی عمر میں، ریڈی آسٹریلیا کی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے والے تیسرے سب سے کم عمر ہندوستانی بن گئے۔