نئی دہلی24مئی:جمعیۃ علماء ہند کے صدر سید ارشد مدنی نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹک میں بجرنگ دل پر پابندی عائد کی جائے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ کرناٹک میں اقلیتوں نے کانگریس کو 95 سے 100 فیصد ووٹ دیا، اب کانگریس کو بھی اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے اور بجرنگ دل پر پابندی لگانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس اپنا وعدہ پورا نہیں کرتی ہے تو ملک کی کسی بھی ریاست میں ہونے والے انتخابات میں لوگ کانگریس کے منشور پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ منشور میں بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا سہرا بھائی اور بہن (راہول اور پرینکا گاندھی) کو جاتا ہے۔ بھائی اور بہن نے بہت بہادری کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ میری بات سنتے تھے،سونیا گاندھی میری بات سنتی تھیں۔میں مسلمانوں کے کام کے لیے بار بار ان کے پاس گیا۔ میں نے اکثر کام کروائے۔ اگر کبھی کبھی ایسا نہیں ہوتا تو یہ کوئی مجبوری ضرور ہوتی۔ارشد مدنی نے کہا کہ جمعیت اور کانگریس کے تعلقات ہمیشہ رہے ہیں۔ منموہن سنگھ ہمارے اور کانگریس کے تعلقات کو جانتے ہیں۔ ہم ہمیشہ کانگریس کے ساتھ رہے ہیں۔ پی ایم مودی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مودی میرے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ مجھے دس بار پکاریں تو بھی جاؤں گا۔ مجھے کوئی انا نہیں ہے۔ میرا نقطہ نظر ان کے نقطہ نظر سے متصادم ہے، وہ الگ بات ہے۔بی جے پی کے بارے میں مولانا مدنی نے کہا کہ بی جے پی اپنی پالیسی بدلے گی، مسلمان اس کے ساتھ جائیں گے۔بی جے پی نے الیکشن میں آکر کہا کہ ہمیں ہندو اور مسلمان دونوں کا ووٹ چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ملک میں فسادات ہوئے، ان فسادات کی ذمہ دار کانگریس ہے۔بنگلور، مرادآباد، ممبئی، میرٹھ میں فسادات کی ذمہ دار کانگریس ہے۔ اگر کانگریس نے لچکدار پالیسی نہ اپنائی ہوتی تو فسادات نہ ہوتے۔ یکساں سول کوڈ کے معاملے پر ارشد مدنی نے کہا کہ یکساں سول کوڈمسلمانوں کی آزادی چھینتی ہے۔