نئی دہلی، 25 دسمبر (یو این آئی)کرکٹ ٹیسٹ تاریخ میں نہ جانے کتنے کرکٹرز آئے اور چلے گئے،لیکن منفرد شناخت صرف ان ہی کو ملی جنہوں نے کچھ خاص کردکھایا۔ ایسے ہی ایک خاص کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے روہن کنہائی ہیں جو زمین پر لیٹ کر شاٹس مارنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ آج روہن کنہائی اپنی 89 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ روہن کنہائی کا شمار ویسٹ انڈیز کے بہترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ روہن نے اپنی منفرد بلے بازی سے لاکھوں شائقین کو اپنا دیوانہ بنا یا۔ روہن نے ساٹھ اور ستّر کی دہائی میں اپنی بلے بازی سے مداحوں کو انتہائی محظوظ کیا۔
ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز 1975 میں ہوا تھا۔ کرکٹ کا پہلا ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر چیمپئن بنی لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ کیریبین ٹیم کو چیمپئن بنانے میں ایک ہندوستانی نژاد کا بڑا کردار رہا تھا۔ روہن کا پورا نام روہن بھولا لال کنہائی ہے۔ ان کی پیدائش 26 دسمبر 1935ء میں ہوئی۔ آزادی سے پہلے روہن کے آباؤ اجداد برطانوی راج کے دوران گنی میں آباد ہو گئے تھے۔ یہیں روہن کی پیدائش ہوئی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ آہستہ آہستہ روہن کرکٹ میں دلچسپی لینے لگے۔ یہ وہ وقت تھا جب ویسٹ انڈیز میں کرکٹ کا جوش عروج پر تھا۔ ایسے میں دوسرے لڑکوں کی طرح روہن نے بھی کرکٹ میں ہاتھ آزمایا۔ جب وہ اسکول کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوئے تو وہ دستانے اور پیڈ پہنے بغیر بیٹنگ کرتے تھے۔ چار سال تک وہ اسکول کی ٹیم کے لیے کھیلتے رہے۔ دبلی پتلی جسمامت کے مالک روہن کہنائی جن کا قد صرف 5 فٹ 7 انچ ہے، کم عمری میں ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی تھی اور آٹھ سال کی عمر میں انہوں نے مقامی رومن کیتھولک اسکول کی ٹیم میں بطور وکٹ کیپر بلے باز شمولیت اختیار کی۔
روہن کنہائی ایک منفرد کرکٹ شاٹ کے خالق کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ بلے بازی کے دوران کنہائی لیٹ کر شاٹس مارتے تھے جسے ‘فالنگ سویپ شاٹ کہا جاتا ہے۔ اگر یہ شاٹ ہوتا تو یہ سویپ شاٹ کی طرح ہوتا لیکن کنہائی اس شاٹ کو ایسے کمال سے مارتے تھے کہ شاٹ لیتے ہی وہ کریز پر لیٹ جاتے تھے۔ کنہائی سے پہلے کرکٹ کی تاریخ میں کسی نے یہ شاٹ نہیں کھیلا تھا اور نہ ہی اس کے بارے میں سنا تھا۔ آنکھوں اور پیروں کے ساتھ تیزی سے، وہ مختلف قسم کے اسٹروک کو انجام دیتے ہوئے تقریباً پرفیکٹ ٹائمنگ کے ساتھ گیند کو نشانہ بناتا ہے، جن میں سے کچھ دلیری پر منحصر ہوتے ہیں، اور اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ انتہائی مضبوط گیند بازوں کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔