دبئی، 25 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان کے اہم تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ گیند بازی میں 904 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے روی چندرن اشون کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔بمراہ نے بارڈر گواسکر ٹرافی میں اب تک کل 21 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس کی وجہ سے انہوں نے 48 ریٹنگ پوائنٹس کے فرق سے ٹاپ پوزیشن پر اپنی برتری بڑھا لی ہے۔ کاگیسو ربادا 856 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جوش ہیزل ووڈ 852 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ پیٹ کمنز 822 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، روی چندرن اشون 789 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔اس کے علاوہ میٹ ہنری (782) چھٹے، نیتھن لیون (770) ساتویں، پربھات جے سوریہ (768) آٹھویں، نعمان علی (759) نویں اور رویندر جڈیجہ (755) ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔محمد سراج ایک مقام کے فائدہ کے ساتھ 24ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ جب کہ گزشتہ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 152 رنز کی اننگ کھیلنے والے ٹریوس ہیڈ یشسوی جیسوال کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیٹنگ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ پوزیشن پر جو روٹ کا قبضہ ہے۔گابا ٹیسٹ میں ایک دیگر سنچری بنانے والے اسٹیو اسمتھ بھی ٹاپ 10 میں واپس آگئے ہیں۔ اسمتھ نے گزشتہ میچ میں 101 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ نیز 70 اور 20 ناقابل شکست رنز کی اننگز کھیلنے والے ایلکس کیری 11 درجے کی چھلانگ کے ساتھ 29 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ہندوستانی اوپنر کے ایل راہل 10 درجے کی چھلانگ لگا کر 40 ویں، جبکہ رویندر جڈیجہ نو مقام کی چھلانگ لگا کر 42 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔