ہانگ کانگ، 21 جنوری (یو این آئی) ہندوستان کے مان سنگھ نے اتوار کو منعقدہ ایشین میراتھن چیمپئن شپ 2024 میں دو گھنٹے 14 منٹ اور 19 سیکنڈ (2:14:19) کے ذاتی بہترین وقت کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ 34 سالہ ہندوستانی میراتھن رنر نے مردوں کے مقابلے میں چین کے ہوانگ یونگ ژینگ کو 65 سیکنڈ کے فرق سے شکست دی۔ ہوانگ نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ کرغزستان کے تیپکن الیا نے 2:18:18 کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مقابلے میں حصہ لینے والے دوسرے ہندوستانی رنر بیلیاپا اپاچنگڈا بوپیا 2:20:20 کے وقت کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ قابل ذکر ہے کہ مان سنگھ کا پچھلا ذاتی بہترین اسکور 2:16:58 تھا، جو انہوں نے ممبئی میراتھن 2023 میں حاصل کیا تھا۔ مردوں کی میراتھن میں ہندوستان کا قومی ریکارڈ شیو ناتھ سنگھ کے پاس ہے، جنھوں نے 1978 میں جالندھر میں 2:12:00 کے وقت کے ساتھ حاصل کیا تھا ۔ پیرس 2024 اولمپکس کے لیے، مردوں کی میراتھن میں داخلہ کا معیار 2:08:10 ہے۔ مان سنگھ ایشین گیمز 2023 میں ہندوستانی دستے کا حصہ تھے جہاں وہ میراتھن مقابلے میں 2:16:59 کے وقت کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہے تھے۔ ایشیائی میراتھن چیمپئن شپ 2024 میں چار ہندوستانی رنرز نے حصہ لیا۔ خواتین کے مقابلوں میں، ہندوستان کی اشونی جادھو 2:56:42 کے وقت کے ساتھ آٹھویں اور جیوتی گاوتے 3:06:20 کے ساتھ 11 ویں نمبر پر رہیں۔ پیرس 2024 اولمپکس کے لیے خواتین کی میراتھن میں داخلہ کا معیار 2:26:50 ہے۔