احمد آباد، 21 دسمبر (یو این آئی) وجے ہزارے ٹرافی کے ایک میچ میں پنجاب کے انمول پریت سنگھ نے اروناچل پردیش کے خلاف صرف 35 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ لسٹ اے میں سب سے تیز سنچری بنانے والے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں جیک فریزر میک گرک (29 گیندیں) اور اے بی ڈی ویلیئرز (31 گیندیں) ان سے آگے ہیں۔ اروناچل پردیش کے خلاف تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے انمول پریت نے 11 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ انمول پریت نے خاص طور پر آف اسپنر ٹیچی نیری کو نشانہ بنایا، جنہوں نے اپنے واحد اوور میں 31 رن دیے۔ انمول پریت کے دھماکہ خیز انداز کی بدولت پنجاب نے اروناچل پردیش کا 164 رن کا ہدف صرف 12.5 اوور میں حاصل کر لیا۔ انمول پریت نے 45 گیندوں میں 115 رن بنائے جبکہ پربھسمرن سنگھ 25 گیندوں میں 35 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ڈی ویلیئرز نے 2015 میں جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 گیندوں پر 149 رن بناکر لسٹ اے کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑا تھا، انہوں جو کہ اب بھی ون ڈے کی تیز ترین سنچری ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے 2014 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 36 گیندوں پر بنایا تھا۔ ڈی ویلیئرز کا لسٹ اے ریکارڈ تب ٹوٹا جب فریزر میک گرک نے اکتوبر 2023 میں مارش کپ میں 29 گیندوں میں سنچری بنائی۔ انمول پریت انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز اور سن رائزرز حیدرآباد کے لیے کھیل چکے ہیں۔ تاہم حالیہ آئی پی ایل نیلامی میں انہیں کوئی خریدار نہیں ملا تھا۔