ممبئی21جنوری: مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے پر منوج جرانگے پاٹل اپنے حامیوں کے ساتھ سنیچر (20 جنوری) کو ممبئی کی جانب پیدل کوچ کر چکے ہیں۔ مراٹھا ریزرویشن کے اس مارچ کے آج دوسرے دن میڈیا سے بات کرتے ہوئے منوج جرانگے پاٹل نے ایک بار پھر حکومت کو الٹی میٹم دیا اور کہا کہ 26 جنوری سے قبل مراٹھا ریزرویشن کا حل نکالا جائے ورنہ ممبئی پہنچ کر مراٹھا اپنی طاقت دکھا دیں گے۔ منوج جرانگے پاٹل نے کہا، ’’آئین کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے ریزرویشن کے مسئلے کا حل تلاش کیجئے۔ اقتدار آتا اور جاتا رہتا ہے۔ مراٹھا برادری کے لوگ بہت بڑی تعداد میں ممبئی میں داخل ہونے والے ہیں اور ہم اپنے مطالبات پر مضبوطی سے قائم ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’حکومت اگر مراٹھوں کی طاقت دیکھنا چاہتی ہے تو اسے ہم اپنی طاقت ضرور دکھا دیں گے۔ مراٹھا سماج کی یہ آخری جدوجہد ہے۔ ہم دو دنوں تک مزید انتظار کریں گے، پھر اس کے بعد حکومت کے کسی بھی وزیر کو گاؤں میں گھسنے نہیں دیں گے۔‘‘ منوج جرانگے پاٹل نے مزید کہا، ’’آئین میں اس بات کا التزام ہے کہ جن کا سرکاری اندراج موجود ہو انہیں ریزرویشن دیا جائے۔ اس کے باوجود بھی اگر مراٹھا سماج کو ریزرویشن نہیں مل رہا ہے تو یہ حکومت کی نااہلی ہے۔ اس لیے حکومت کو مراٹھا ریزرویشن کے مسئلے کو حل کرنے پر غور کرنا چاہئے۔ ہم حکومت کو ایک بار پھر بتا دینا چاہتے ہیں کہ سڑکوں پر ہماری تعداد کم ہوئی تو بھی 26 جنوری کو ہم ممبئی سے واپس جائیں گے۔ ممبئی کے ہر سڑک اور گلی میں مراٹھے ہی نظر آئیں گے۔‘‘ منوج جرانگے پاٹل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’ہمارے ممبئی پہنچنے سے قبل آپ فیصلہ کیجئے، ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔