نئی دہلی 13دسمبر:جنوبی ہند کے سپر اسٹار اَلو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ ان دنوں سنیما ہال میں خوب دھمال مچا رہی ہے۔ یہ فلم اب تک کئی ریکارڈ توڑ چکی ہے اور لوگوں کا اب بھی بھرپور پیار مل رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ فلم کئی نئے ریکارڈ قائم کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ لیکن اس درمیان اَلو ارجن کے چاہنے والوں کے لیے ایک انتہائی بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ مشہور و معروف اداکار اَلو ارجن کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر میں رواں ماہ کے اوائل میں ہوئی بھگدڑ سے جڑے معاملے میں اَلو ارجن کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انھیں پوچھ تاچھ کے لیے چکڑپلی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں ان سے 4 دسمبر کو فلم ’پشپا 2‘ کی اسکرینگ کے دوران تھیٹر میں ہوئی بھگدڑ سے متعلق کچھ سوالات کیے گئے۔ اس بھگدڑ میں 35 سالہ ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی، جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہو گیا تھا۔ دونوں کو فوراً قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹر نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا تھا۔ بیٹے کی حالت کو سنگین بتاتے ہوئے اس کا علاج ڈاکٹروں نے جاری رکھا تھا۔
اس واقعہ کے بعد ہی اَلو ارجن، ان کے باؤنسر اور سندھیا تھیٹر کے خلاف حیدر آباد کے چکڑپلی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا۔ کچھ لوگوں کے ذہن میں سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر سندھیا تھیٹر میں پیش آئے واقعہ کے لیے الو ارجن کس طرح ذمہ دار ہیں؟ دراصل سندھیا تھیٹر کی طرح ہی دیگر کئی تھیٹرس میں ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ ہوئی تھی، لیکن سندھیا تھیٹر کا معاملہ بہت مختلف تھا۔ ایسا اس لیے کیونکہ وہاں اَلو ارجن کی شرکت کے سبب ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد پہنچ گئی تھی۔