بنگلورو، 13 دسمبر (یو این آئی) کپتان رجت پاٹیدار (ناٹ آوٹ 66) کی نصف سنچری اور ہرپریت سنگھ (ناٹ آوٹ 46) کی دھواں دار اننگز کی بدولت مدھیہ پردیش نے جمعہ کو سید مشتاق علی ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں دہلی کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں مدھیہ پردیش کا مقابلہ ممبئی سے ہوگا۔دہلی کے 146 رنز کے جواب میں بیٹنگ کے لیے اتری مدھیہ پردیش کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ٹیم نے محض 20 رنز پر اپنے دو وکٹ گنوا دیے۔ ارپت گوڑ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ شبھانشو سیناپتی صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ہرپریت سنگھ نے ہرش گاولی کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن ساتویں اوور میں ہمانشو چوہان نے ہرش گاولی (30) کو آؤٹ کر کے مدھیہ پردیش کو تیسرا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد کپتان رجات پٹیدار کریز پر آئے اور ہرپریت سنگھ کے ساتھ طوفانی انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ رجت پاٹیدار نے 28 گیندوں میں چار چوکے اور چھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 66 رنز کی نصف سنچری مکمل کی، جبکہ ہرپریت سنگھ نے 38 گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر ناٹ آوٹ 46 رنز بنائے۔ مدھیہ پردیش نے 15.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا کر سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
دہلی کی جانب سے ایشانت شرما نے دو اور ہمانشو چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلے، مدھیہ پردیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ دہلی کے لیے پریانش اور یش دھل کی افتتاحی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 38 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں ترپریش سنگھ نے یش دھل (11) کو آؤٹ کر کے دہلی کو پہلا جھٹکا دیا۔ نوویں اوور میں کمار کارتیکین نے پریانش (29) کو آؤٹ کر کے مدھیہ پردیش کو دوسری کامیابی دلائی۔ کپتان آیوش بدونی (19)، ہمت سنگھ (15) اور مئینک راو 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ انوج راوت نے 24 گیندوں پر ناٹ آوٹ 33 رنز بنائے۔ ہرش تیاگی نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دہلی نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ مدھیہ پردیش کی طرف سے وینکٹیش ایّر نے دو وکٹ لیے، جبکہ ترپریش سنگھ، اویس خان اور کمار کارتیکین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔