نئی دہلی11دسمبر: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طرز عمل آئینی اصولوں کے خلاف ہے اور وہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے گزشتہ روز راجیہ سبھا کے سیکریٹری کو کل عدم اعتماد کی تحریک کا نوٹس پیش کیا تھا، آج اس کے تعلق سے اپوزیشن کے ’انڈیا اتحاد‘ کی جماعتوں نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد تھا۔ کھڑگے کا کہنا تھا کہ نائب صدر کا عہدہ ملک کا دوسرا سب سے بڑا آئینی عہدہ ہے اور دھنکھڑ کا رویہ اس عہدے کی عزت کے منافی ہے۔ کانگریس صدر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ تین سالوں میں دھنکھڑ کا زیادہ تر دھیان حکومت اور آر ایس ایس کی حمایت میں رہا ہے، جبکہ اپوزیشن کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھنکھڑ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے مخالفین کی طرح دیکھتے ہیں اور ایوان میں ان کی آوازوں کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ جب راجیہ سبھا کی کارروائی نہیں چلتی تو اس کا ذمہ دار چیئرمین ہیں، جو ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔