نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بدھ کو دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ ممکنہ اتحاد سے متعلق میڈیا رپورٹوں کی تردید کی۔ اے اے اپی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ مسٹر کیجریوال نے ‘ایکس پر کہا، ” عام آدمی پارٹی دہلی میں اپنے طور پر اسمبلی انتخابات لڑے گی۔ کانگریس کے ساتھ کسی قسم کے اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم پی سنجے سنگھ نے کہا، “عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے خود یہ واضح کر دیا ہے کہ دہلی کے اندر کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی تنہا الیکشن لڑے گی۔ پچھلے تین انتخابات میں ہم نے بی جے پی کو بری طرح شکست دی ہے، عام آدمی پارٹی تنہا الیکشن لڑے گی اور بی جے پی کو بری طرح شکست دے گی۔ اے اے پی کے سینئر لیڈر اور ایم پی راگھو چڈھا نے کہا میں واضح کرتا ہوں کہ عام آدمی پارٹی آئندہ انتخابات اپنی تنظیم اور سیاسی طاقت کے بل بوتے پر لڑے گی۔ کسی قسم کے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ خبریں کہ آیا عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہوسکتا ہے، ہونے والا ہے یا دیگر قسم کی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔ عام آدمی پارٹی دہلی کے پچھلے تین انتخابات مسلسل اپنی طاقت کے بل بوتے پر لڑ رہی ہے، جیتی، حکومت بنائی اور چلائی ہے۔