امرتسر10دسمبر: کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال کی کھنوری بارڈر پر کسانوں کے مطالبہ کو لے کر چل رہی تامرگ بھوک ہڑتال 15ویں دن میں داخل ہو گئی۔ وہیں ڈلیوال کی حمایت میں منگل کو کھنوری بارڈر پر موجود تمام کسانوں نے بھی صبح سے ہی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ آج کھنوری بارڈر پر کسان ٹرالی میں صبح سے چولہے میں آگ نہیں جلی۔ کسی ٹرالی میں لنگر نہیں پکایا گیا اور سبھی کسانوں نے بھوکے رہ کر جگجیت سنگھ ڈلیوال کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف سخت غصے کا اظہار کیا۔ 15 دن سے جاری بھوک ہڑتال کی وجہ سے جگجیت سنگھ ڈلیوال کی طبیعت مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے اور وزن 11 کلو کم ہو گیا ہے۔ ساتھ ہی گردے اور جگر پر بھی اس کا اثر پڑ رہا ہے۔ دو دنوں سے وہ اسٹیج پر نہیں آ سکے ہیں۔ وہ بند ٹرالی میں ہی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کسان رہنما کاکا سنگھ کوٹڑا سمیت دیگر کسان ٹرالی میں ہی ان کی خدمت میں مصروف ہیں۔ کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھیر اور ابھیمنیو کوہاڑ نے بتایا کہ ڈلیوال کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ انہیں اسٹیج پر آنے میں کافی دقت ہو رہی ہے۔