نئی دہلی9دسمبر: سپریم کورٹ نے پنجاب میں ان شاہراہوں سے کسانوں کے ذریعہ پیدا رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے مرکزی و دیگر اتھارٹیز کو ہدایت دینے کی گزارش والی عرضی پیر کے روز خارج کر دی، جہاں کسان احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس منموہن کی بنچ نے کہا کہ معاملہ پہلے ہی عدالت میں زیر غور ہے او روہ ایک ہی ایشو پر بار بار عرضیوں پر غور نہیں کر سکتی۔ بنچ نے پنجاب میں سماجی کارکن کی شکل میں کام کرنے کا دعویٰ کرنے والے عرضی دہندہ گورو لوتھرا سے کہا کہ ’’ہم پہلے ہی وسیع ایشوز پر غور کر رہے ہیں۔ صرف آپ کو ہی سماج کی فکر نہیں ہے۔ بار بار عرضیاں داخل مت کیجیے۔ کچھ لوگ تشہیر کے لیے عرضی داخل کرتے ہیں اور کچھ لوگوں کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔‘‘ عدالت نے اس عرضی کو زیر التوا معاملے کے ساتھ جوڑنے سے متعلق لوتھرا کی گزارش کو بھی خارج کر دیا۔ سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کے بینر تلے کسان 13 فروری سے پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو و کھنوری بارڈرس پر ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ 13 فروری کو سیکورٹی فورسز نے انھیں دہلی کی طرف بڑھنے سے روک لیا تھا۔ عرضی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کسانوں اور ان کی تنظیموں نے غیر معینہ مدت کے لیے پنجاب میں سبھی قومی اور ریاستی شاہراہوں کو رخنہ انداز کر دیا ہے۔ عرضی دہندہ نے عدالت سے یہ ہدایت جاری کرنے کی گزارش کی تھی کہ تحریک چلانے والے کسان قومی شاہراہوں اور ریلوے پٹریوں کو رخنہ انداز نہ کریں۔
آگرہ ائیر پورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی
آگرہ:09دسمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع آگرہ کے کھیریا ائیر پورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئی ہیں اور ائیر پورٹ پر سکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ آفیشیل ذرائع نے پیر کو بتایا کہ دھمکی بھرا یہ ای۔میل سی آئی ایس ایف کو ملا۔ ای۔میل کہاں سے آیا۔ اس کی جانچ کی جارہی ہے ۔
ائیر پورٹ کی چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔ چپے۔چپے کو چھانا جارہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ کچھ روز پہلے تاج مل کو بھی بم سے اڑانے سے متعلق ایم۔میل موصول ہوا تھا۔
اڈیشنل پولیس کمشنر شاہ گنج سرکل مینک تیواری نے بتایا کہ کھیریا ائی رپورٹ پر سی ٓئی ایس ایف کو پیر کو صبح11:56بجے ایک ایم۔میل ملا جس میں بتایا گیا کہ ائیر پورٹ احاطے کے باتھ روم میں بم رکھا گیا ہے۔ انسداد بم دستے کو ائیر پورٹ احاطے میں بھیجا گیا۔ یہاں پر باریکی سے تلاشی جاری ہے لیکن کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا۔
ائیر پورٹ کے ڈائرکٹر یوگیندر سنگھ تومر کا کہنا ہے کہ ائر پورٹ احاطے میں تقریبا دو گھنٹے کی باریک تلاشی کے بعد کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا۔ ای۔میل کس نے بھیجا اس کی جانچ کی جارہی ہے۔