نئی دہلی 8دسمبر: الو ارجن کی ‘پشپا-2’ کا جادو اس وقت پوری دنیا کے فلم شائقین پرسر چڑھ کر بول رہا ہے۔ اس کا کریز نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں، بوڑھوں اور خواتین میں بھی خوب دیکھا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر تو اس کی زبردست دھوم مچی ہوئی ہے۔ لیکن اب اس فلم کی گونج سیاست تک پہنچ گئی ہے۔ دراصل عام آدمی پارٹی کی طرف سے ‘پشپا کے انداز میں ہی سوشل میڈیا ‘ایکس پر ایک پوسٹر جاری کیا گیا ہے۔ اس پوسٹر میں پیغام دیا گیا ہے کہ عآپ سربراہ اروند کیجریوال نے پارٹی کے نظریہ سے نہ تو سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی آگے کریں گے اور وہ لگاتار چوتھی مرتبہ دہلی کے اقتدار میں واپسی کریں گے۔
عام آدمی پارٹی کے ‘ایکس ہینڈ پر جاری ‘پشپا فلم کے پوسٹر میں دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر پوسٹ کرکے لکھا ہے ‘پھر آ رہا ہے کیجریوال۔۔۔فلم ‘پشپا کے پوسٹر اور عام آدمی پارٹی کے ذریعہ پوسٹ کیے گئے پوسٹر میں فرق صرف اتنا ہے کہ ایک میں ہیرو کو بندوق کے ساتھ دکھایا گیا ہے تو وہیں دوسرے میں اروند کیجریوال جھاڑو لیے ڈٹ کر کھڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ عآپ کے ذریعہ جاری کیے گئے پوسٹر سے انتخابی ماہرین یہ مان رہے ہیں کہ یہ پارٹی کے اسمبلی انتخاب-2025 کی تشہیر کا حصہ ہو سکتا ہے، جہاں کیجریوال اپنی پالیسیوں اور مخالفین کے سامنے جھکنے سے انکار کرنے کی شبیہ کو مضبوطی سے پیش کرتے نظر آئیں گے۔ واضح ہو کہ الو ارجن کی سپر ہٹ فلم ‘پشپا کا سب سے خاص مکالمہ ‘میں جھکے گا نہیںکافی مشہور ہو چکا ہے۔ پشپا کا وہی رنگ اب دہلی کی سیاست پر بھی چڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔