دبئی، 06 دسمبر (یو این آئی) اقبال حسن (چار وکٹوں) کے بعد کپتان عزیز الحکیم (ناٹ آؤٹ 61) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ جہاں فائنل میں اس کا مقابلہ اب ہندوستان سے ہوگا۔ پاکستان کے 116 رنز کے جواب میں بلے بازی کے لئے اتری بنگلہ دیش کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 28 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ کلام صدیقی (0) اور جواد ابرار (17) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان عزیز الحکیم اور محمد شہاب نے اننگز کو سنبھالا۔ 17ویں اوور میں نوین احمد خان نے محمد شہاب جیمز (26) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ عزیز الحکیم (61) اور رضان حسن (پانچ) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے 22.1 اوورز میں تین وکٹوں پر 120 رنز بنا کر میچ سات وکٹوں سے جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، عبدالسبحان اور نوید احمد خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل آج بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کا آغاز انتہائی خراب رہا اور سات رنز کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ عثمان خان اور شاہ زیب خان دونوں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد ریاض اللہ نے کچھ دیر جدوجہد کی لیکن اقبال حسن نے انہیں فرید حسن کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ محمد ریاض اللہ 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سعد بیگ (18)، نوید احمد خان (دو)، ہارون ارشد (10)، فرحان یوسف (32)، عمر زیب ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فہام الحق آٹھ رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کے گیندبازوں کے سامنے پاکستان کی پوری ٹیم 37 اوورز میں 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے اقبال حسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
معروف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ الفہداور دیباشیش دیبا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔