ممبئی5دسمبر : بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر فڑنویس نے مہاراشٹر کے وزیراعلی کے طور پر عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھا لیا ہے ۔ وہ تیسری مرتبہ مہاراشٹر کے وزیراعلی کی کرسی پر بیٹھیں گے ۔ ان کے ساتھ این سی پی کے سربراہ اجیت پوار اور شیوسینا سربراہ ایکناتھ شندے نے نائب وزرائے اعلی کے طورپر عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا ۔ ممبئی کے آزاد میدان میں معنقدہ حلف برداری تقریب میں وزیراعطم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور یوگی آدتیہ ناتھ، نتیش کمار سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلی نے شرکت کی ۔ حلف برداری کے بعد اب تینوں پارٹیوں کے درمیان کابینہ اور وزارتوں کی تقسیم کو حتمی شکل دی جائے گی ۔ بی جے پی کو 21 سے 22 محکمے ملنے کا امکان ہے جبکہ شیوسینا نے 16 کا مطالب کیا ہے، لیکن اس کو 12 ملنے کا امکان ہے ۔ وہیں اجیت پوار کی پارٹی کو تقریبا 10 محکمے مل سکتے ہیں ۔ مہاراشٹر کے بڑے لیڈروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دیویندر فڑنویس تیسری بار کمان سنبھال رہے ہیں۔ اس سے پہلے مہاراشٹر میں 20 میں سے 12 وزرائے اعلیٰ مراٹھا رہ چکے ہیں۔ لیکن دیویندر فڑنویس نے غیر مراٹھا ہونے کے باوجود صرف اپنی قابلیت کے بل بوتے پر مہاراشٹر میں اپنا دبدبہ قائم کیا۔