نئی دہلی، 20 جنوری (یو این آئی) ایشیائی کھیلوں 2022 کے گولڈ میڈلسٹ چراغ شیٹی اور ساتوک سائراج رنکیریڈی کے علاوہ کانسے کا تمغہ جیتنے والے ایچ ایس پرنائے یونیکس-سن رائز انڈیا اوپن 2024 کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں جمعہ کی شب کھیلے گئے ڈبلز میچ میں چراغ-ساتوک نے ڈنمارک کے کم اسٹرپ اور اینڈرس راسموسن کے خلاف 21-7، 21-10 سے جیت درج کی، جب کہ پرنائے نے چینی تائپے کے وانگ زو ویئی کو سخت مقابلے میں 21-11، 17-21، 21-18 سے شکست دے کرمردوں کے سنگلز زمرے میں آخری چار میں جگہ بنائی۔چراغ-ساتوک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11-3 کی تیز برتری حاصل کرکے اپنے ارادے ظاہر کردئے۔ سابق چیمپئن جوڑی نے محض 16 منٹ کے وقفے میں میں پہلا گیم جیت لیا۔ اس میچ سے پہلے، ڈنمارک کی جوڑی نے چراغ-ساتوک کے خلاف لگاتار دو جیت درج کی تھی۔ عالمی نمبر دو جوڑی نے دوسرے گیم میں لگاتار آٹھ پوائنٹس اسکور کرکے اس سلسلے کا خاتمہ کیا اور جیت پکی کردی۔میچ کے بعد چراغ شیٹی نے کہا، ’’کم اور اینڈرس کے خلاف جیتنا آسان نہیں ہے۔ یہ ہمیشہ ایک ایسا کھیل نہیں ہے جہاں آپ کو مہارت سے چیلنج کیا جاتا ہے، بلکہ ذہنی طور پر بھی۔ جو بھی ذہنی جنگ جیتتا ہے وہ سب سے اوپر آتا ہے اور ہم نے آج یہ بہت اچھا کیا۔ ہم عام طور پر اس طرح کے دماغی کھیل نہیں کھیلتے ہیں، لیکن آج ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہم ان کی لے میں نہ کھیلیں۔ جس طرح سے ہم نے آغاز کیا وہ ٹھوس تھا اور ہم نے اسے آخر تک برقرار رکھا۔ ہم جس طرح سے کھیلے اس سے ہم واقعی خوش ہیں، ہم کل بھی اسی رفتار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور اپنا 100 فیصد دینا چاہتے ہیں۔ورلڈ چیمپیئن شپ 2023 کے برونز میڈلسٹ پرنائے نے اپنے تائیوان کے حریف کے خلاف مضبوط شروعات کی اور پہلے گیم میں 13-4 کی برتری حاصل کر کے کھیل کے لیے ماحول تیار کیا۔ دوسرے گیم میں جوش سے بھرپور وانگ نے 13-6 کی برتری حاصل کرلی، گرچہ پرنائے نے فرق کو ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن 28 سالہ کھلاڑی نے ٹائی بریکر لینے پر مجبور کیا۔ تیسرے گیم میں ایسا کچھ بھی نہیں تھا جو دونوں کھلاڑیوں کو الگ کر سکے۔ اسکور 16-16 پر برابر ہونے کے ساتھ، پرنائے نے دو پوائنٹس کی برتری حاصل کی اور بالآخر ایک گھنٹہ اور 17 منٹ کے کھیل میں جیت کر وانگ کو ٹورنامنٹ میں چوتھی بار کوارٹر فائنل سے باہر کر دیا۔پرنائے نے کہا، میرے خیال میں وانگ زو ویئی جیسے کھلاڑی کے خلاف کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، جو نیٹ اور اٹیک میں غیر معمولی طور پر اچھا ہے۔