بھونیشور18جنوری:اڈیشہ کے برگڑھ ضلع واقع بیرجام گاؤں میں کام سے تھک کر زمین پر ہی سو جانے والے 5 مزدروں کو ان کی ہی کمپنی کے ٹرک نے کچل دیا۔ اس واقعہ میں 4 مزدوروں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی ہے جبکہ ایک مزدور شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے مزدور کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے 4 مزدوروں میں سے 3 مدھیہ پردیش کے رہنے والے تھے اور 1 کا تعلق چھتیس گڑھ سے تھا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے مزدور کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ مدھیہ پردیش کا باشندہ ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ان مزدوروں کو کچلنے والا ٹرک اسی بورویل ڈریلنگ کمپنی کا تھا جس میں یہ مزدور کام کرتے تھے۔ اس حادثہ کے تعلق سے پولیس کا کہنا ہے کہ بیرجام گاؤں کے ایک کھیت میں کنواں کھودنے کے کام میں لگی بورویل مشین کا ایندھن بدھ کی دیر شام ختم ہو گیا تھا۔ اسی ایجنسی کا ایک دیگر ٹرک قریب کے پٹرول پمپ سے ڈیژل لینے گیا۔ اس دوران ڈریلنگ کا کام کر رہے مزدور تھک کر زمین پر ہی سو گئے۔ جب ڈیژل لے کر لوٹے ٹرک کو ڈرائیور نے پارکنگ کے لیے پیچھے کیا تو غلطی سے زمین پر سو رہے مزدوروں پر چڑھا دیا۔ فوری طور پر سبھی کو پدم پور کے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے تین کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ ایک مزدور کی برگڑھ کے ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال (ڈی ایچ ایچ) میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ بہرحال، ایک زخمی مزدور کا علاج ڈی ایچ ایچ میں چل رہا ہے۔ میل چامنڈا پولیس اسٹیشن کے انسپٹکر نے اس حادثہ سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ٹرک کو ضبط کر لیا گیا ہے اور ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس سے پورے معاملے میں پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔