نئی دہلی 30نومبر: ملک کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ نے دستک دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی صبح میں کہرے کا اثر بھی دکھنے لگا ہے۔ اس کا اثر ریل خدمات پر بھی پڑ رہا ہے۔ کہرے اور دھند کی وجہ سے ٹرینیں کافی تاخیر سے چل رہی ہیں جبکہ کئی ٹرینوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا ہے۔ ایسا لگتا ہے ٹرینوں کی رفتار پر بریک سی لگ گئی ہے۔ کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کم ہونے کے سبب ٹرینوں کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ اس سے سفر میں لگنے والا وقت کافی بڑھ جاتا ہے جس سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ویسے اب کہرے سے نپٹنے کے لیے امبالہ ریل ڈویژن نے ایک نئی ترکیب نکالی ہے۔ اس کے تحت افسروں کی ڈیوٹی بھی اسٹیشنوں پر لگائی جائے گی۔ ریلوے کے مطابق ایسی حالت میں فاگ سیف ڈیوائس کو لوکو پائلٹ کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ڈیوائس سگنل کی ایک دم صحیح جانکاری دیتا ہے۔ ساتھ ہی یہ الگ مقامات پر لگے سگنل کو خصوصی طور سے وارننگ کے ساتھ بتاتا ہے تاکہ ٹرینوں کی آمد و رفت محفوظ اور بلا رکاوٹ ہو سکے۔ فاگ سیف ڈیوائس جی پی ایس پر مبنی ایک آلہ ہے جو لوکو پائلٹ کو ان کے راستہ پر سگنلوں اور دیگر اہم مقامات کی جانکاری دیتا ہے۔ یہ ڈیوائس سگنل کی دوری اور ٹرین کی رفتار کو اسکرین پر دکھاتا ہے، اس کے علاوہ یہ لوکو پائلٹ کو الرٹ بھی دیتا ہے، جب ٹرین کسی سگنل کے قریب ہوتی ہے۔ لوکو پائلٹ کو کہرے کے وقت فاگ سیف دیوائس کے ساتھ ٹرینوں کی رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ یا ضرورت کے مطابق رفتار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ سگنل کی اطلاع دکھلانے والے بورڈ پر چمکتی پٹی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیشن ماسٹر کو ویجیبلیٹی ٹیسٹ آبجیکٹ (وی ٹی او) کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس سے لوکو پائلٹ کو اسٹیشن پاس ہونے کی جانکاری ملے گی۔ اس کے علاوہ ٹریک مین کے ذریعہ لوکو پائلٹ کو راستے میں سگنل ہونے کی وارننگ دینے کے لیے پٹاخے کا استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وافر مقدار میں پٹاخے دستیاب کرائے گئے ہیں۔