نئی دہلی30نومبر: اتوار یعنی یکم دسمبر سے فائنانس سے جڑے کئی اصولوں میں تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ اس کا سیدھا اثر عوام کی روزمرہ کی زندگی اور جیب پر پڑے گا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر مہینہ کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بدلاؤ کرتی ہیں۔ ایسے میں یکم دسمبر سے مزید بدلاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ یکم نومبر کو 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔ گھروں میں استعمال ہونے والے 14 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں پچھلے کچھ مہینوں سے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے، ممکن ہے اس مرتبہ اضافہ دیکھنے کو ملے۔ ساتھ ہی طیاروں میں استعمال ہونے والے اے ٹی ایف کی قیمت میں بھی تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اس سے فلائٹ ٹکٹ کی قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ آدھار کارڈ میں کسی بھی معلومات کو اپڈیٹ کرنے کے متعلق بھی تبدیلی دسمبر میں ہونے والی ہے۔ اب تک آدھار کارڈ میں تبدیلی کے لیے کوئی فیس نہیں لگتی تھی، لیکن اب یونک آئیڈنٹی فکیشن اتھارٹی آف انڈیا (یو آئی ڈی اے آئی) نے اس کے لیے 14 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ یعنی 14 دسمبر سے پہلے آپ بغیر کسی فیس کے اپنے آدھار کارڈ میں نام، پتہ اور تاریخ پیدائش جیسی معلومات کو اپڈیٹ کر سکتے ہیں۔ 14 دسمبر کے بعد آدھار کارڈ میں ہر اپڈیٹ کے لیے 50 روپے کی فیس ادا کرنی ہوگی۔