بھوپال:30نومبر:مدھیہ پردیش پوسٹل سرکل بھوپال 02 سے 06 دسمبر تک راجدھانی بھوپال میں 36 ویں آل انڈیا پوسٹل ہاکی مقابلے کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ پانچ روزہ ٹورنامنٹ لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں مدھیہ پردیش، تمل ناڈو، کرناٹک، اڑیسہ، مہاراشٹر اور پنجاب سمیت کل 06 پوسٹل سرکلز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ ٹورنامنٹ ‘میجر دھیان چند ہاکی اسٹیڈیم، بھوپال میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح 02 دسمبر کو صبح 10:00 بجے ہوگا۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی محترمہ وندیتا کول سکریٹری پوسٹل ہوں گی اور مہمان خصوصی سابق اولمپین ہاکی کھلاڑی سید جلال الدین رضوی ہوں گے۔ونیت ماتھر، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل، مدھیہ پردیش پوسٹل سرکل کی صدارت میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 06 دسمبر کو شام 4:00 بجے اختتام پذیر ہوگا، جس کے مہمان خصوصی ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے رکن اور اولمپیئن کانسی کا تمغہ جیتنے والے وویک ساگرہوں گے۔
بھوپال کو ہاکی کی نرسری کہا جاتا ہے اور یہاں سے کئی قومی اور بین الاقوامی ہاکی کھلاڑیوں نے ہندوستان کے لیے کھیل کر ملک، مدھیہ پردیش اور بھوپال کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ بھوپال کے معروف اور مقبول ہاکی کھلاڑی اولمپین اسلم شیر خان ،انعام الرحمن، جلال الدین رضوی ، سمیر داد، اولمپکس اور ایشیاڈ میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وویک ساگر نے 2024 کے پیرس اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم میں مدھیہ پردیش سے نمائندگی کی اور اس ٹیم نے اولمپک فیلڈ ہاکی میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔36 ویں آل انڈیا پوسٹل ہاکی چمپئن شپ ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا اور اس ٹورنامنٹ سے نئے ٹیلنٹ ابھریں گے۔