کولکاتا18جنوری:کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعرات کو برسراقتدار ترنمول کانگریس کے ذریعہ 22 جنوری کو طے ’خیر سگالی ریلی‘ کو مشروط اجازت دے دی ہے۔ اسی دن ایودھیا میں رام مندر پران پرتشٹھا کی تقریب ہونی ہے جس کی وجہ سے لگاتار بی جے پی لیڈران ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بی جے پی نے عدالت میں عرضی داخل کر کوشش کی کہ ممتا بنرجی کی ’خیر سگالی ریلی‘ 22 جنوری کو نہ نکلے، لیکن انھیں اس کوشش میں ناکامی ہاتھ لگی ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ سے منظوری ملنے کے بعد ترنمول کانگریس نے اپنے لیڈران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’خیر سگالی ریلی‘ میں مذہبی قائدین کی شرکت یقینی بنائیں۔ کولکاتا میں ریلی کی قیادت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کریں گے جو جنوبی کولکاتا میں ہزارا کراسنگ سے شروع ہونے والی ہے اور وسطی کولکاتا میں پارک سرکس سیون-پوائنٹ کراسنگ پر ختم ہونے والی ہے۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال میں حزب مخالف لیڈر نے بدھ کے روز کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دخل کر اس بنیاد پر ممتا کی ریلی کو ملتوی کرنے میں عدالت کی مداخلت کا مطالبہ کیا تھا ۔