اکل کوا:25؍نومبر:یوم آئین کی مناسبت سے جامعہ کالج آف لا ،اکل کوا ،نندربار مہاراشٹر میں یوم آئین کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،تقریب کا آغاز جامعہ کی روایت کے مطابق تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جامعہ کالج آف لا کے اسسٹنٹ پروفیسر ابرار حسن نے آئین کی تدوین کے مقاصد اور اس سلسلہ میں پیش آنے والی دشواریوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جس حسن وخوبی کے ساتھ آئین کی تدوین کا کارنامہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے انجام دیا اس طرح اس ذمہ داری کو کوئ دوسرا شاید ہی انجام دے پاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابا صاحب نے وطن عزیز اور اس کے باشندوں کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دنیا کے مختلف دساتیر سے بہتر سے بہتر حصوں کو یکجا کرکے ایک بہترین آئین تیار کیا۔تاکہ مذہبی رواداری ، یکجہتی،سالمیت کے ساتھ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب، ذاتیوں اور تہذیبوں کے لوگ ہمارے ملک میں ایک ساتھ رہتے ہیں۔ سبھی کی ضرورتوں اور ملک کی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئین کے مختلف حصوں کو بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ ایک گلدستہ کی طرح سجایا گیا ہے۔ جو کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا طویل ترین آئین ہے۔
اس سے پہلے ، جامعہ کالج آف لاء کے اسسٹنٹ پروفیسر ،سید شاداب اصدق نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئےتشریف فرماء تمام ہی معززین کو مخاطب کرتے ہوئے آئین سازی کی تاریخ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئےآئین کی تمہید کے سلسہ میں گفتگو کی۔ اور اس کے بعد تقریب میں موجود پروفیسرز سے ہندی،ادرو مراٹھی اور انگریزی زبانوں میں آئین کی تمہید پڑھنے کی درخواست کی۔ جس کے بعد اسسٹنٹ پروفیسر فہد علی خان نے انگریزی میں، گیسٹ فیکلٹی ،ساگر مستری نے ہندی میں، اسسٹنٹ پروفیسر امجد علی نے اردو میں اور اسسٹنٹ پروفیسر ،پی کے ٹھاکرے نے مراٹھی میں آئین کی تمہید پیش کی۔ آخر الذکر نے مراٹھی زبان میں خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ بابا صاحب نے آئین کے ذریعہ صرف دیش کو مضبوط کرنے کا ہی کام نہیں کیا بلکہ ہر سماج کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں موجود سبھی لوگوں کو آئین کا حلف دلاتے ہوئے انہوں نے ملک کی سالمیت اتحاد ، اور مذہبی رواداری کو برتنے کی درخواست بھی کی۔ اس موقع سے ،سید شاداب اصدق اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ کالج آف لا ، نے کہا کہ آئین کی تمہید ،آئین کی روح اور اس کا خاصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوم آئین سے ایک دن قبل اس تقریب کا اہتمام اس وجہ سے کیا گیا کہ 26 نومبر سے جامعہ کالج آف لا کے طلباء کے سیمسٹر امتحانات شروع ہورہے ہیں ۔ در حقیقت یہ تقریب آئین سازوں کی جدو جہد کو ایک خراج عقیدت ہے۔
جامعہ کالج آف لا کے سیمینار ہال میں منائی جا رہی اس تقریب کا اختتام راشڑگان پر ہوا۔ اس موقعہ سے جامعہ اشاعت العلوم کے افسر برائے رابطہ عامہ جناب شاہد پرویز صاحب مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرما تھے۔ ان کے علاوہ ، جامعہ کالج آف لااور جامعہ کالج آف ایجوکیشن کے پروفسرز، اسسٹنٹ پروفیسرز اور دیگر حضرات اور جامعہ کالج آف لا کے طلباء اور عملہ کے افراد موجود تھے۔