ممبئی، 22 نومبر (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا اگلا سیزن 14 مارچ 2025 سے شروع ہوگا اور فائنل میچ 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔فرنچائزز کو بھیجے گئے ای میل میں آئی پی ایل کے تینوں سیزن کے لیے اعلان کردہ تاریخوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ٹورنامنٹ کا اگلا سیزن 14 مارچ 2025 سے شروع ہوگا اور فائنل میچ 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ 2026 کا سیشن 15 مارچ سے 31 مئی تک چلے گا۔ جبکہ 2027 کا سیشن 14 مارچ سے 30 مئی تک ہوگا۔اعلان کے مطابق گزشتہ سیزن کی طرح 2025 کے سیزن میں بھی 74 میچز ہوں گے۔ تاہم، یہ تعداد 2022 کے آئی پی ایل کے درج کردہ 84 میچوں سے دس کم ہے۔نئے سائیکل کے لیے ٹینڈر دستاویز میں، آئی پی ایل نے ہر سیزن میں میچوں کی مختلف تعداد بتائی ہے۔ 2023 اور 2024 میں 74 میچز، 2025 اور 2026 میں 84 میچز اور اس معاہدے کے آخری سال یعنی 2027 میں 94 میچز کا ذکر تھا۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے 2025 کے سیزن میں اپنے تمام بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کھیلنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ تر مکمل رکن ممالک انگلینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈز نے اپنے کھلاڑیوں کو اگلے تین سیزن کے لیے آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس میں پاکستان شامل نہیں ہے جس کے کھلاڑیوں کو 2011 سے آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔