دبئی، 20 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر آئی سی سی ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔
نوجوان بلے باز تلک ورما اور سنجو سیمسن نے بھی بلے بازی کی درجہ بندی میں بڑی چھلانگ لگائی ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب پانڈیا نے آل راؤنڈرز کی ٹی20 رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے یہ کارنامہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران انجام دیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران پانڈیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مشکل حالات میں 39 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد انہوں نے گیند کے ساتھ بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے اپنے تین اوورز میں صرف آٹھ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔ پانڈیا نے یہ مقام حاصل کرنے میں انگلینڈ کے لیام لیونگسٹن اور نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری کو پیچھے چھوڑ دیا۔پانڈیا کے علاوہ تلک اور سنجو نے رینکنگ میں بھی بڑی چھلانگ لگائی ہے۔ تلک جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی-20 بیٹنگ رینکنگ میں 69 مقام کی چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تلک اب ہندوستان کے سب سے زیادہ رینک والے بلے باز بن گئے ہیں۔ کپتان سوریہ کمار یادو ایک مقام کھسک کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ سنجو سیمسن بھی جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں میں سنچری اننگ کی بدولت ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں 17 درجے کی چھلانگ لگا کر 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار گیند بازی کرنے والے ہندوستانی تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ نے بھی باؤلنگ رینکنگ میں تین درجے کی چھلانگ لگا کر کیرئیر کی بہترین 9ویں رینکنگ حاصل کی۔