راجگیر، 20 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نے بدھ کو فائنل میچ میں چین کو شکست دے کر بہار ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی راجگیر 2024 کا خطاب جیت لیا۔ آج یہاں راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستان نے چین پر 1-0 سے جیت درج کی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دوسرے ہاف میں ہندوستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دیپیکا نے (31ویں) منٹ میں گول کرکے ہندوستان کو برتری دلادی۔ اس برتری سے ہندوستان کو ایشین چیمپئنز ٹرافی کا خطاب برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ ہاکی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود ہندوستانی ٹیم نے تیسری بار ایشین چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔پہلا کوارٹر بغیر گول کے رہا۔ دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود چین نے میچ کا آغاز جارحانہ کارکردگی سے کیا۔ ساتھ ہی ہندوستان نے اپنے دفاعی لائن کو مضبوط رکھا۔ دوسرے کوارٹر میں بھی جارحانہ کھیل دیکھنے کو ملا لیکن ہندوستان اور چین کی ٹیمیں ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ ہندوستانی ٹیم نے اس کوارٹر میں لگاتار دو پنالٹی کارنر حاصل کئے، لیکن ایک بھی پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل نہ کرسکی۔ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں گول کر کے اپنا دبدبہ قائم کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے کوارٹر کے آغاز میں ہی پنالٹی کارنر حاصل کیا اور دیپیکا نے اس پی سی کو 31ویں منٹ میں گول میں تبدیل کیا۔ہندوستانی خواتین ٹیم نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اسے اپنی برتری کو دوگنا کرنے کا بہترین موقع ملا۔ دیپیکا نے پنالٹی اسٹروک کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی لیکن اسے چینی گول کیپر نے ناکام بنا دیا۔آخری کوارٹر میں اپنی لے کو برقرار رکھتے ہوئے ہندوستان نے جارحانہ کھیل کے ساتھ اپنی دفاعی لائن کو مضبوط رکھا۔ اس دوران دونوں نے گول کرنے کے مواقع بنائے لیکن کامیابی نہیں ملی۔