نئی دہلی، 18 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار ایچ ایس پرنے نے جمعرات کو انڈین اوپن کے مردوں کے سنگلز میچ میں پہلا گیم ہارنے کے بعد واپسی کرتے ہوئے ہم وطن پریانشو راجاوت کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ ایک اور میچ میں ساتویکسائیراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی سیکنڈ سیڈ مردوں کی ڈبلز جوڑی نے چائنیز تائپے کے لو چنگ یاؤ اور یانگ پو ہان کو شکست دے کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی۔آٹھویں سیڈ پرنے نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں ایک گھنٹہ 16 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں ہم وطن پریانشو کو 20-22، 21-14، 21-14 سے شکست دی۔ ابتدائی راؤنڈ میں لکشیا سین کو پریشان کرنے والے پریانشو راجاوت شروع میں اچھی فارم میں نظر نہیں آئے اور پرنے نے 5-2 کی برتری حاصل کی۔ تاہم، 21 سالہ نوجوان نے ورلڈ چیمپئن شپ کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے پرنے کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور 20-18 کیا۔ پرنے دو گیم پوائنٹس بچانے میں کامیاب رہے لیکن آخر میں پیچھے ہو گئے۔دوسرے گیم میں پرنے نے 7-0 کی ابتدائی برتری حاصل کی، لیکن راجاوت نے واپسی کرتے ہوئے فرق کو کم کرکے 12-10 کردیا۔ اس بار پرنے نے کوئی غلطی نہیں کی اور گیم 21-14 سے جیت لیا۔ تیسرے گیم میں پرنے نے اپنے تجربے کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اسے 21-14 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں داخلہ لیا۔ دریں اثنا، ساتوک اور چراغ کی ہندوستانی جوڑی، جس نے ابتدائی راؤنڈ میں چائنیز تائپے کے فینگ-چیہ لی اور فانگ-زین لی کو شکست دی، نے بھی اپنا راؤنڈ آف 16 کا مقابلہ جیت لیا۔