ہوبارٹ :19؍نومبر:آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ کینگروز نے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ سٹوئنس کو ناقابل شکست 61 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور اسپینسر جانسن کو سیریز میں 8 وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پیر کو ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کی کپتانی محمد رضوان کی جگہ آغا سلمان نے کی۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18.1 اوورز میں 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کو جیت کے لیے 118 رنز کا ہدف ملا اور ٹیم نے 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔ اوپنر میتھیو شارٹ کو شاہین آفریدی نے 2 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد جیک فریزر 18 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور کپتان جوش انگلس 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مارکس اسٹونیس نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ٹم ڈیوڈ بھی 7 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔