امپھال17جنوری: منی پور کے مورہ ضلع میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم ہوا، جس میں ایک سی ڈی او افسر جان بحق ہو گیا۔ نیوز پورٹل اے بی پی نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ کیا کہ عسکریت پسندوں نے ایس بی آئی موڑ کے قریب ایک سیکورٹی چوکی پر بم پھینکے اور فائرنگ کی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ پولیس نے بتایا کہ ریاستی فورسز کے ایک پولیس افسر کے قتل کے سلسلے میں سرحدی شہر میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے 48 گھنٹے بعد مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر فائرنگ انجام دی۔ قبل ازیں، منی پور حکومت نے امن میں خلل، عوامی ہم آہنگی میں خلل اور انسانی جان و مال کو شدید خطرہ کے پیش نظر 16 جنوری کی آدھی رات 12 بجے سے ٹینگنوپال میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا تھا۔ ٹینگنوپال کے ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ کرفیو کا اطلاق قانون و نظم کے نفاذ اور ضروری خدمات میں شامل سرکاری ایجنسیوں پر نہیں ہوگا۔ دریں اثنا، ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منگل کی رات امپھال مغربی ضلع کے کوتروک گاؤں میں دیہاتی رضاکاروں اور مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے درمیان دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حکام نے بتایا کہ مرکزی سیکورٹی فورسز کے علاقے میں پہنچنے کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ روک دی۔ پولیس افسر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔