لاہور،09؍نومبر:ٹیم انڈیا چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہیں تحریری طور پر کچھ موصول نہیں ہوا۔ ابھی تک کسی نے ہمارے ساتھ ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں کی۔8 نومبر کو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں بی سی سی آئی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹیم انڈیا پاکستان نہیں جائے گی۔ بی سی سی آئی نے اس سلسلے میں پی سی بی کو خط لکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے دبئی میں اپنے میچز کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ہائبرڈ ماڈل میں، میچز میزبان ملک سے باہر منعقد کیے جاتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہو سکتے ہیں۔اس رپورٹ کے آنے کے کچھ دیر بعد پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے جمعہ کو لاہور میں میڈیا سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تحریری طور پر کچھ نہیں ملا۔ اگر ہمیں تحریری طور پر کچھ ملا تو میں اسے فوری طور پر آپ اور حکومت کے ساتھ شیئر کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘آج تک کسی نے ہم سے ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں کی اور نہ ہی ہم اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ پاکستان نے حالیہ برسوں میں کئی بار اچھا برتاؤ کیا ہے اور ہر بار ہم سے اچھے کی امید نہ رکھیں۔