اکسان (جنوبی کوریا) 07 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی شٹلر کرن جارج نے جمعرات کو مردوں کے سنگلز مقابلے میں چینی تائپے کے چی یو جین کو شکست دے کر کوریا ماسٹرز ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ آج یہاں کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں بیڈمنٹن رینکنگ میں 41 ویں نمبر پر موجود کرن نے چائنیز تائپے کی 31 ویں رینک کی چی یو جین کو ایک گھنٹے اور 15 منٹ تک جاری رہنے والے انتہائی دلچسپ مقابلے میں 21-17، 19-21، 21-17 سے شکست دی۔ میچ کے آغاز میں کرن نے ابتدائی برتری حاصل کی اور اسکور کو 5-1 سے اپنے حق میں کر لیا۔ اس کے بعد چی یو جین نے جوابی حملہ کیا اور کچھ شاندار شاٹس لگائے اور ایک موقع پر اسکور کو 12-11 سے اپنے حق میں کر دیا۔اس کے بعد کرن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائنیز تائپے کے کھلاڑی پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا اور آخر کار یہ گیم 21-17 سے جیت لی۔ دوسرے گیم کے آغاز میں بھی ہندوستانی شٹلر نے اپنی لے برقرار رکھی اور 4-1 کی برتری حاصل کی۔ تاہم اس کے بعد چی یو جین نے واپسی کی اور دیکھتے ہی دیکھتے 13-9 کی برتری حاصل کر لی۔ اس دوران ہندوستانی کھلاڑی نے بھی جین کو سخت مقابلہ دیا اور کھیل آخر تک سنسنی خیز رہا۔ لیکن جین نے اسے 21-19 سے جیت لیا۔تیسرے گیم میں کرن نے بہتر کھیل پیش کیا اور 6-1 کی اہم اور ابتدائی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد جین نے واپسی کی پوری کوشش کی اور ایک موقع پر اسکور کو 12-13 تک کم کر دیا۔ لیکن کرن کے شاندار کھیل کی وجہ سے وہ پورے کھیل میں ایک بار بھی برتری حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ آخر میں ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے گیم 21-17 سے جیت کر راؤنڈ آف 16 کا میچ جیت لیا۔