ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی کی اپنے نام

0
3

بارباڈوس، 7 نومبر (یو این آئی) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد برینڈن کنگ (102) اور کیسی کارٹی (ناٹ آؤٹ 128) کی شاندار سنچری اننگز کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو 42 گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ برینڈن کنگ کو 102 رن کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جبکہ میتھیو فورڈ مین آف دی سیریز رہے۔انگلینڈ کے 263 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی اوپننگ جوڑی برینڈن کنگ اور ایون لوئس نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 42 رن جوڑے۔ جیمی اوورٹن نے ساتویں اوور میں ایون لوئس (19) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کیسی کارٹی نے برینڈن کنگ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 209 رنوں کا اضافہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح کی جانب لے گئے۔ 41ویں اوور میں ریس ٹوپلے نے برینڈن کنگ (102) کو بولڈ کر کے یہ شراکت توڑ دی لیکن تب تک برانڈن اپنا کام کر چکے تھے۔ انہوں نے 117 گیندوں کا سامنا کیا اور 102 رن کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کیسی کارٹی نے 114 گیندوں میں 15 چوکے اور دو چھکے لگاے ہوئے (128 ناٹ آؤٹ) رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان شی ہوپ پانچ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے 43 اوور میں دو وکٹوں پر 267 رن بنانے کے بعد یہ میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹوپلی اور جیمی اوورٹن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی انگلینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور 24 کے اسکور پر اس کے چار وکٹ گر گئے۔ ول جیکس (5)، جارڈن کاکس (1)، جیکب بیتھل (0) اور کپتان لیام لیونگسٹن (6) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بحران کے ایسے وقت میں فل سالٹ ایک سرے پر کھڑے رہے۔ انہوں نے سیم کرن کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 70 رن کی شراکت داری ہوئی۔ روسٹن چیز نے 26ویں اوور میں سیم کرن (40) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔