رانچی5نومبر: جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آج کانگریس صدر کھڑگے نے ریاست کا دورہ کیا۔ انھوں نے ہزاری باغ میں ایک عظیم الشان جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف مودی حکومت کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا، بلکہ ریاست کی کانگریس اتحاد والی حکومت کی کارگزاریوں سے بھی لوگوں کو واقف کرایا۔ اس دوران انھوں نے پی ایم مودی کو جھوٹوں کا سردار بھی کہا۔ اپنے خطاب کے دوران کھڑگے نے کہا کہ ’’جھارکھنڈ میں انتخابی تشہیر کے لیے پی ایم مودی، امت شاہ اور بہت سے مرکزی وزراء کے ساتھ ساتھ الگ الگ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ گھوم رہے ہیں۔ بی جے پی کا مقصد قبائلی وزیر اعلیٰ کو ہٹانا اور جھارکھنڈ میں اقتدار پر قبضہ کرنا ہے۔ پی ایم مودی اور امت شاہ سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ یہاں سے انڈیا بلاک کی حکومت کو نہیں ہٹا سکتے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مودی جی صرف جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور قبائلیوں کی بات تو کرتے ہیں، لیکن جب سورین حکومت نے 2022 میں او بی سی ریزرویشن 14 فیصد سے بڑھا کر 27 فیصد، ایس سی کے لیے 12-10 فیصد اور ایس ٹی کے لیے 28-26 فیصد کیا تھا، وہ اب بھی وہیں پڑا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ پی ایم مودی سے سوال پوچھتے ہیں کہ ’’مودی جی، اگر آپ او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور قبائلیوں کے ہمدردی ہیں تو اسے پاس کیوں نہیں کیا؟‘‘ کانگریس صدر نے بی جے پی پر جھوٹ بول کر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی جھوٹ بول کر اقتدار میں آتی ہے اور غریبوں کو ستاتی ہے، اس لیے ان سے دور رہیے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ کانگریس پارٹی کی کاپی کرتی ہے۔ کرناٹک میں ہم ’بھاگیہ لکشمی‘ منصوبہ لے کر آئے جس میں خواتین کو 2 ہزار روپے مل رہا ہے۔ اس کی نقل مودی جی ہر جگہ کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے پاس خود کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔ یہ لوگ جَل، جنگل، زمین لوٹ کر امیروں کو تقسیم کرتے رہیں گے۔‘‘ جھارکھنڈ کی کانگریس اتحاد والی سورین حکومت کی کارگزاریوں کا تذکرہ بھی ملکارجن کھڑگے نے تفصیل سے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے عوام کو جو بھی گارنٹی دی ہے، وہ سبھی ہم پوری رکیں گے۔