پیٹ کمنز کی شانداراننگ: آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹ سے شکست دی

0
2

میلبورن 04 نومبر (یو این آئی) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد جوش انگلس (49) اسٹیو اسمتھ (44) اور کپتان پیٹ کمنز (ناٹ آؤٹ 32) کی مدد سے آسٹریلیا نے پیر کو پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 99 گیندیں باقی رہ کر دو وکٹ سے شکست دے دی۔ 204 رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں رہا اور تیسرے ہی اوور میں میتھیو شارٹ (ایک) کی وکٹ گنوا بیٹھا۔ 28 کے اسکور پر جیک فریزر میک گرک (16) دوسری وکٹ کے لیے نسیم شاہ کا شکار بنے۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلش نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیزی سے رن بنائے۔ اسمتھ اور انگلش کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 85 رن کی شراکت ہوئی۔ حارث رؤف نے 17ویں اوور میں اسٹیو اسمتھ (44) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ 20ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے جوش انگلس کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا۔ جوش انگلس نے 42 گیندوں پر 49 رن کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ مارنس لیبوشن (16)، ایرون ہارڈی (10)، گلین میکسویل (0) اور شان ایبٹ (13) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی وکٹیں گرتی رہیں لیکن انہوں نے رن کی رفتار کو کم نہیں ہونے دیا۔ کپتان پیٹ کمنز ایک اینڈ پر جمے رہے اور ٹیم کو فتح دلاکرہی رہے۔ کمنز نے 31 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے رن (ناٹ آؤٹ 32) رن کی اننگز کھیلی۔ مچل اسٹارک (دو) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے 33.3 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 204 رن بنائے اور میچ دو وکٹ سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل مچل اسٹارک (تین وکٹوں) اورگیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو 203 کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے پاکستان کا آغاز خراب رہا اور 24 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ تیسرے اوور میں مچل اسٹارک نے صائم ایوب (ایک) کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ ان کا اگلا شکار عبداللہ شفیق (12) تھے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 39 رن جوڑے۔ ایڈم زمپا نے بابر اعظم (37) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں پیٹ کمنز نے کامران غلام (پانچ) کو پویلین بھیج دیا۔ آغا سلمان (12)، عرفان خان (22) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سب سے زیادہ (44) رن کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی 24 اور حارث رؤف 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ نے 40 رن کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے چار چھکے اور ایک چوکا لگایا۔
پاکستانی بلے بازوں میں سے کوئی بھی آسٹریلیائی گیند بازوں کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹک سکا اور پوری ٹیم 46.4 اووروں میں 203 کے اسکور پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شان ایبٹ اور مارنس لیبوشن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔