بھارتیہ خواتین ٹیم نے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دی

0
7

احمد آباد، 29 اکتوبر (یو این آئی) دیپتی شرما (تین وکٹ) اور پریا مشرا (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی اور عمدہ فیلڈنگ کے بعد ہندوستان نے اسمرتی مندھانا (100) کی سنچری اور کپتان ہرمن پریت کور کی نصف سنچری (70 ناٹ آؤٹ) اننگز کی بدولت ہندوستان کی خواتین ٹیم نے منگل کو تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹ سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی ہے۔نیوزی لینڈ کے 232 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی ہندستانی اوپننگ جوڑی کا آغاز اچھا نہیں رہا اور چوتھے اوور میں ہینا رو نے شیفالی ورما (12) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد سوفی ڈیوائن نے یاستیکا بھاٹیہ (35) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو دوسری کامیابی دلائی۔ جیت کی طرف بڑھ رہی ہندوستانی ٹیم کو ایک اور جھٹکا اس وقت لگا جب ہننا رو نے 41ویں اوور میں اسمرتی مندھانا (100) کو بولڈ کر دیا۔ جمائمہ روڈریگز (11) آؤٹ ہونے والی چوتھی بلے باز تھی۔ ہرمن پریت کور نے چوکا لگا کر ہندستان کو فتح دلائی۔ ہندوستان نے 44.2 اوور میں چار وکٹ پر 236 رن بنانے کے بعد یہ میچ چھ وکٹ سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہننا رو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سوفی ڈیوائن اور فران جوناس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ہندوستانی گیند بازوں نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو 232 کے اسکور پر روک دیا تھا۔ آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے آئی نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گنوائیں۔ 88 کے اسکور تک پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ سوزی بیٹس (چار)، لارین ڈاؤن (ایک)، سوفی ڈیوائن (نو)، جارجیا پلمر (39) اور میڈی گرین (15) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایسے میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے بروک ہالیڈے نے ازابیلا گیج کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 64 رن کی شراکت ہوئی۔ دیپتی شرما نے ازابیلا گیج (25) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بروک ہالیڈے نے نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 86 رن بنائے۔ ہننا رو (11)، ایڈن کارسن (دو) اور فران جونز (دو) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ لیا تاہو (24) 24 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے نیوزی لینڈ کو 49.5 اووروں میں 232 رن پر سمیٹ دیا۔ہندستان کی جانب سے دیپتی شرما نے 39 رن (تین وکٹ) اور پریا مشرا نے 41 رن (دو وکٹ) لیے۔ رینوکا سنگھ اور صائمہ ٹھاکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔