پپو یادو کو جان سے مارنے کی دھمکی کی مبینہ آڈیو وائرل ایم پی نے کیا سیکوریٹی بڑھانے کا مطالبہ

0
7

پٹنہ 28اکتوبر: گزشتہ دنوں بہار میں پورنیہ کے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے لارینس بشنوئی گینگ کے سلسلے میں بیان دیا تھا۔ اب اس گینگ کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کی خبر ہے۔ اس سلسلے میں پپو یادو کو ملی دھمکی کی مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ آڈیو میں دھمکی دینے والا شخص پپو یادو سے کہہ رہا ہے کہ کچھ اخبارات کے توسط سے جانکاری حاصل ہوئی ہے کہ گزشتہ دنوں پپو یادو کے ذریعہ لارینس بشنوئی گینگ کے سلسلے میں غلط بیان بازی کی گئی تھی۔ دھمکی دینے والے شخص نے پپو یادو کو واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی حد میں رہ کر خاموشی سے سیاست پر توجہ دیں۔ زیادہ اِدھر اُدھر کی باتیں ٹی آر پی کمانے کے چکر میں نہ کریں، ورنہ بُرا انجام ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ پپو یادو کے ذریعہ بشنوئی گینگ کے بارے میں بیان دیے جانے کے بعد اس کے ایک ممبر کی طرف سے پپو کو فون کیا گیا اور پھر ریکارڈنگ بھیجی گئی۔ ریکارڈنگ میں سنا جا سکتا ہے کہ دھمکی دینے والا شخص پہلے تو پپو یادو کو اچھا آدمی اور بڑا بھائی بتا رہا ہے، اس کے بعد وہ دھمکی دینے لگتا ہے۔ دھمکی دینے والے نے ان کی ریکی کی بھی بات کہی ہے اور بولا ہے کہ پورنیہ میں وہ اب کیسے نکلتے ہیں، دیکھ لیا جائے گا۔ دھمکی ملنے کے بعد ایم پی پپو یادو کا بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے ڈی جی پی سے زیڈ زمرے کی سیکوریٹی طلب کی ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو بھی ایک خط لکھ کر اپنی سیکوریٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے، نہیں تو کسی بھی وقت قتل کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پپو یادو نے کہا کہ سیکوریٹی نہیں بڑھائی گئی اور ان کے ساتھ کچھ بُرا ہوتا ہے تو اس کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت ذمہ دار ہوگی۔
دھرم شالہ، 28 اکتوبر (یو این آئی) ہماچل پردیش کی کانگڑا پولیس نے غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔