نعمان اور ساجد کی اسپن پر انگریز ناچے، پاکستان نے ٹیسٹ سیریز 2-1 سے جیتی

0
5

راولپنڈی، 26 اکتوبر (یو این آئی) نعمان علی اور ساجد خان کی اسپن جوڑی کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہفتہ کو نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ پاکستان کی اس اسپن جوڑی نے ملتان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جو راولپنڈی میں بھی جاری رہا۔ فروری 2021 کے بعد یہ پاکستان کی پہلی ہوم سیریز جیت ہے۔ انگلینڈ نومبر 2015 کے بعد پہلی بار پاکستان سے ٹیسٹ سیریز ہارا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 47 رن سے بڑی شکست کے بعد میزبان ٹیم نے مسلسل دوسری بار فتح حاصل کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے ٹیبل میں ایک درجہ ترقی کر کے ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، جو کہ انگلینڈ سے بالکل نیچے چھٹی پوزیشن ہے۔ ساجد خان نے 128 رن کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی نے 88 رن کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 267 رن بنا سکی۔ لوئر آرڈر میں جیمی اسمتھ (89) اور گس اٹکنسن (39) کی نصف سنچری شراکت کے علاوہ مہمان ٹیم کے کسی اور کھلاڑی نے رنز کی بھوک نہیں دکھائی۔ جواب میں پاکستان کے سعود شکیل (134) کی شاندار سنچری سے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 77 رن کی آرام دہ برتری مل گئی۔ اس کے بعد نعمان اور ساجد نے مل کر انگلینڈ کی دوسری اننگز کو پٹری سے اتار دیا۔ کوئی بھی بلے باز جم نہ سکا جس کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ اگلی صبح وہ مزید صرف 88 رن کا اضافہ کر سکے اور انگلینڈ کی ٹیم 112 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی، جو ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف اس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ میزبان اسپنروں نے ایک بار پھر پچھلے میچ کی طرح تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔ گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں ان دونوں نے 40 میں سے 39 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
یہ بھی پہلا موقع تھا کہ پاکستان کے تیز گیند بازوں نے ٹیسٹ میں ایک بھی گیند نہیں ڈالی۔