راولپنڈی، 25 اکتوبر (یو این آئی) سعود شکیل (134)، ساجد خان (48) اور نعمان علی (45) کی شاندار بلے بازی کی بنیاد پر پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 344 رن کے اسکور کے ساتھ ہی انگلینڈ کودوسری اننگز میں 24 رن کے اسکور پر تین وکٹ لے کر میچ پر گرفت بنائی۔آج پاکستان نے تین وکٹوں پر 73 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ شعیب بشیر نے کپتان شان مسعود (26) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد محمد رضوان (25) کو ریحان احمد نے پویلین بھیجا۔ آغا سلمان (1)، عامر جمال (14) کو بھی ریحان نےاپنا شکار بنایا۔ ایسے بحران کے وقت نعمان علی (45) نے سعود شکیل کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 88 رن کی پارٹنر شپ کرکے پاکستان کو بحران سے نکالا۔ نعمان علی کو شعیب بشیر نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ساجد خان بھی پچ پر جمے رہے۔ گس اٹکنسن نے سعود شکیل (134) کو آؤٹ کیا۔ ساجد خان 48 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے 344 رن بناکر پہلی اننگز کی بنیاد پر 77 رن کی اہم برتری حاصل کر لی۔
دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے آنے والے انگلینڈ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اسکور 24 تک ہونے تک یکے بعد دیگرے تین وکٹ گر گئے۔ بین ڈکٹ (12) پانچویں اوور میں، زیک کرولی (دو) چھٹے اوور میں اور اولی پوپ (ایک) آٹھویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر جو روٹ (پانچ) اور ہیری بروک (تین) رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دو اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کیا۔