قومی والی بال چیمپئن شپ، ریڈ آرمی فتح یاب

0
4

ہریدوار، 20 اکتوبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے ہریدوار میں جاری قومی والی بال چمپئن شپ اتوار کو ختم ہوگئی.اس موقع پر ریڈ آرمی کی ٹیم فائنل میں فاتح رہی جب کہ بینک آف بڑودہ کی ٹیم نے دوسرا مقام حاصل کیا۔ پہلے نمبر پر آنے والی ریڈ آرمی ٹیم کو ایک لاکھ جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والی بینک آف بڑودہ کی ٹیم کو 51000 روپے کا انعام دیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ریاستی کابینہ کے وزیر پریم چند اگروال نے کہا کہ ہریدوار میں قومی سطح کے والی بال مقابلے کا انعقاد ہمارے لیے ایک بڑی حصولیابی ہے، اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ قومی سطح کے کھلاڑیوں سے مل کر ان سے سیکھتے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ ہماری ریاست میں بھی قومی سطح کے کھیلوں کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، اس سے قبل اس طرح کے مقابلے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کو بڑھانے میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ضلع والی بال تنظیم کے صدر للت نیر کا کہنا ہے کہ ہریدوار میں قومی والی بال مقابلے کا انعقاد ایک بڑی حصولیابی ہے جو سب کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچی ہے اور اس ایونٹ سے ہریدوار ضلع کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ مقابلے میں ریڈ آرمی کی ٹیم کو فائنل فاتح قرار دیا گیا جبکہ بینک آف بڑودہ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی تقریب کامیاب رہی ہے اور آئندہ بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تنظیم کے تمام عہدیدار اور حکومت، انتظامیہ اور لوگوں کا تعاون لیا جائے گا۔ریڈ آرمی ٹیم کے کپتان ساحل نے کہا کہ ان کی ٹیم اس جیت سے بہت پرجوش ہے اور تمام کھلاڑیوں کے تعاون سے ہم نے یہ جیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ آج ہم نے فائنل میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کے لیے ہم نے بہت محنت کی اور کئی ماہ پریکٹس بھی کی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور خود کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں اور اچھے کھلاڑیوں سے رہنمائی لیں اور ان پر عمل کرکے ملک کا نام روشن کریں۔