نئی دہلی 2اپریل: وقف ترمیمی بل پر بحث کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام عائد کیا کہ وقف سے متعلق وہ لوگ بھی بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں، جو وقف کا مطلب بھی نہیں سمجھتے۔ انھوں نے لوک سبھا میں کہا کہ ’’آج وہ لوگ بول رہے ہیں، جو وقف کا مطلب بھی نہیں سمجھتے ہیں۔ وقف کو مسلمان ہی سمجھتا ہے اور جانتا ہے۔ اتر پردیش میں 78 فیصد زمین کو سرکاری ملکیت بتا دیا گیا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مسلمانوں پر شرطیں نافذ کی جا رہی ہیں۔ کئی جگہ وقف کی ملکیت کو سرکاری بتایا گیا ہے۔ یہ قانونی معاملوں میں مسلمانوں کو الجھائیں گے۔‘‘ مودی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے عمران مسعود نے کہا کہ ’’بابا صاحب امبیڈکر جی نے اپنے آئین میں ملک کے ہر شخص کے تحفظ کی بات کہی ہے۔ امبیڈکر جی نے کہا تھا کہ سیاسی جمہوریت تب تک نہیں ٹک سکتی، جب تک اس کی بنیاد میں سماجی جمہوریت نہ ہو۔ اور سماجی جمہوریت کا مطلب ہے زندگی کا ایک ایسا طرز جو خود مختاری، مساوات و بھائی چارہ کی زندگی سے متعلق اصولوں کو قبولیت دیتی ہے۔‘‘