بھوپال:09؍ستمبر:حکیم سید ضیاء الحسن، گورنمنٹ (خود مختار) یونانی میڈیکل کالج، بھوپال کے شعبہ امراضِ نسواں و قبالت میں 6 روزہ سی.ایم.ای. (CME) پروگرام کا آغاز 8 سے 13 ستمبر 2025 تک ہوا، جس کا افتتاح 8 ستمبر کو کالج کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر منیش شرما، چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (CMHO)، بھوپال تھے۔پروگرام کے خصوصی مہمانوں میں ڈاکٹر آر. کے. گپتا، جواینڈ ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف آیوش؛ ڈاکٹر ورونا پاٹھک، صدر، گائنی اینڈ آبس (Gynae & Obs)، آر. کے. میڈیکل کالج، بھوپال؛ اور ڈاکٹر عارف زیدی، سابق ڈین، ہمدرد طبیہ کالج شامل تھے۔سی.ایم.ای. پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ایس. نفیس بانو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خواتین کی صحت سے متعلق ہے۔
عورت کی زندگی کے مختلف مراحل — نوزائیدگی، بچپن، لڑکپن، حمل، زچگی سے لے کر بڑھاپے تک — پر مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے جائیں گے تاکہ خواتین صحت مند رہیں اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پا سکے۔
پروگرام کے خصوصی مہمان، ڈاکٹر آر. کے. گپتا نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں فعال طور پر حصہ لیں۔ڈاکٹر ورونا پاٹھک نے کہا کہ وہ گزشتہ 20 سالوں سے خواتین اور زچگی کے مریضوں کی خدمت کر رہی ہیں۔آج بھی زچگی کے دوران اموات کی شرح ذیادہ ہے، اس لیے ہر گھر تک شعور و آگہی پہنچانا ضروری ہے، اور یہ سی.ایم.ای. پروگرام اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔پروگرام کی صدارت فرما رہی کالج کی پرنسپل، ڈاکٹر محمودہ بیگم نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد شعبہ نسواں و زچگی کے اساتذہ کو نئی تحقیق و علم سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کر سکیں اور طلبہ کی مہارت میں بھی بہتری لائی جا سکے۔
سی.ایم.ای. پروگرام کی مشترکہ سیکریٹری، ڈاکٹر حنا کوثر نے پروگرام میں موجود تمام مہمانانِ گرامی، شرکاء، افسران، عملے اور طلبہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔









