نئی دہلی،یکم جنوری(یواین آئی )کھیلوں کی دنیا کے لیے سال 2025 جہاں ریکارڈز اور فتوحات کا سال رہا، وہیں کچھ ایسے دلخراش واقعات بھی پیش آئے جنہوں نے پوری دنیا کو سوگوار کر دیا۔ کھیلوں کی دنیا میں جہاں جیت کے جشن منائے جاتے ہیں، وہیں کچھ حادثات ایسے ہوتے ہیں جو مداحوں اور کھلاڑیوں کو برسوں تک افسردہ رکھتے ہیں۔سال 2025 کے پانچ بڑے المناک حادثات کی تفصیلات
1’فلسطینی پیلے سلیمان العبید اسرائیلی حملی میں مارے گئے :
فلسطین کے لیجنڈری فٹبالر سلیمان العبید، جنہیں ‘فلسطینی پیلے کہا جاتا تھا، 6 اگست کو غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں مارے گئے۔ 41 سالہ العبید اس وقت نشانہ بنے جب وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملنے والی امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔ مصری اسٹار محمد صلاح نے ان کی موت کی اصل وجہ چھپانے پر فٹبال کی عالمی تنظیموں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
2. چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھگدڑ: خوشیاں ماتم میں بدل گئیں :
4 جون 2025 کو ہندوستانی شہر بنگلورو میں اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب رائل چیلنجرز بنگلورو (RCB) کی پہلی آئی پی ایل جیت کا جشن منانے والے مداحوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ اسٹیڈیم کے باہر ہونے والے اس حادثے میں 11 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوئے۔ ناقص منصوبہ بندی اور ہجوم پر قابو نہ پانا اس سانحے کی بڑی وجہ قرار پایا۔
3.فضا میں طیاروں کا ٹکراؤ: فگر اسکیٹنگ چیمپئنز ہلاک:
سال کے آغاز میں 29 جنوری کو واشنگٹن کے قریب ایک مسافر طیارہ امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے میں 1994 کی ورلڈ چیمپئن رشین جوڑی ایوگنیا شیشکووا اور وادیم نعوموف سمیت تمام 67 مسافر ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے نے اسکیٹنگ کی دنیا کو کئی نامور کوچز اور کھلاڑیوں سے محروم کر دیا۔
4. لیورپول اسٹار ڈیوگو جوٹا کا کار حادثے میں انتقال :
پرتگال سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ اسٹار فٹبالر ڈیوگو جوٹا 3 جولائی کو اسپین میں ایک ہولناک کار حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ افسوسناک بات یہ تھی کہ یہ حادثہ ان کی شادی کے چند ہی دن بعد پیش آیا، جس میں ان کے بھائی بھی انتقال کر گئے۔ جوٹا نے گزشتہ سیزن میں لیورپول کو 20 واں پریمیئر لیگ ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
5. برطانوی باکسر رکی ہیٹن کی خودکشی :
دنیائے باکسنگ کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک، رکی ہیٹن نے 14 ستمبر کو 46 برس کی عمر میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مانچسٹر میں ہونے والے ان کے جنازے میں ٹائسن فیوری جیسی نامور شخصیات سمیت ہزاروں مداحوں نے شرکت کی۔ ہیٹن اپنی زندگی میں ڈپریشن، منشیات اور شراب نوشی جیسے مسائل سے نبرد آزما تھے۔