نئی دہلی7جنوری: الیکشن کمیشن کے ذریعہ دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پر ایک ہی دن 5 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 8 فروری کو ووٹ شماری ہوگی۔ یعنی 8 فروری کو سبھی سیٹوں کے نتائج سامنے آ جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’آج دہلی میں کانگریس کی حکومت بننے کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے۔‘‘ دیویندر یادو نے انتخاب کی تاریخ سامنے آنے کے بعد ایک ویڈیو پیغام جاری کر کہا کہ ’’5 فروری کانگریس کی حکومت بننے کی تاریخ کا اعلان ہے، 5 فروری دہلی میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے گناہوں کے خاتمہ کی تاریخ کا اعلان ہے۔ آج ان تاریخوں کا بھی اعلان ہوا ہے جب دہلی مین سانسوں کا بحران ختم ہوگا، دہلی کچرا سے پاک ہوگا، جمنا صاف ستھری ہوگی اور دہلی جرائم سے پاک ہو جائے گی۔ یہ سب 5 فروری کو دہلی کی عوام کے ذریعہ کانگریس پارتی کو یکمشت ووٹ دینے کے بعد دہلی کے ووٹروں کے تعاون سے ہوگا۔‘‘ دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ آج دہلی کی خواتین کو 2500 روپے ملنے کی تاریخوں کا اعلان ہوا ہے، اور دہلی کو بدعنوانی سے پاک کرنے کا بھی اعلان ہوا ہے۔ آج دہلی میں ان تاریخوں کا بھی اعلان ہوا ہے جب شیش محل غریب عوام کے لیے کھولا جائے گا، شیش محل عوام کے لیے کھولنے کے ساتھ ہر غریب کنبہ کا ایک دن کے لیے شیش محل آشیانہ بھی بنے گا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ 8 فروری 2025 کو دہلی کی بیدار عوام کی حمایت سے کانگریس کی حکومت بنے گی اور کانگریس دہلی کے ہر باشندوں کو اسی بھروسے کے ساتھ خدمت اور عوام کی ہر ضرورت پوری کرے گی جیسے وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کی قیادت میں 15 سالوں تک کی تھی۔