بھوپال:09؍جولائی:ریاست کی مشرقی، مغربی اور سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنیوں کے تنظیمی ڈھانچے کو وزراء کونسل کے ذریعہ منظوری دے دی ہے۔ تجویز میں 49 ہزار 263 نئے عہدوں سمیت کل 77 ہزار 298 عہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔ تمام عہدے ریگیولرہیں۔ وزیر توانائی مسٹر پردیومن سنگھ تومر نے سال 2011 کے بعد بجلی کمپنیوں کے تنظیمی ڈھانچے کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کا دور اندیش فیصلہ ہے۔ اس سے بجلی کمپنیاں مضبوط ہوں گی اور صارفین کو بہتر خدمات میسر آئیں گی۔ ساتھ ہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر مسٹرتومر نے کہا کہ موجودہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات جوں کی توں رہیں گی۔
وزیر مسٹرتومر نے بتایا کہ سال 2011 میں تقریباً 91 لاکھ صارفین تھے جبکہ اس وقت ایک کروڑ 77 لاکھ صارفین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 33/11کے وی سب اسٹیشن 2745 سے بڑھ کر 4409، ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز 2 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ کر 10 لاکھ 61 ہزار، پاور ٹرانسفارمرز 4348 سے بڑھ کر 7818، 11 کے وی لائن کی لمبائی 2 لاکھ سے بڑھ کر 4 لاکھ 50 ہزارسرکٹ کلومیٹر،ایل ٹی لائن کی لمبائی39 ہزار سے بڑھ کر 61ہزار600سرکٹ کلومیٹراور کے وی لائن کی 3 لاکھ48ہزار سے بڑھ کر 5لاکھ20ہزار سرکٹ کلومیٹر ہو چکی ہے ۔ ساتھ ہی تکنیکی اپ گریڈیشن کے ساتھ بجلی سپلائی سے متعلق کاموں کی پیچیدگی اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان ضروریات کے مطابق بجلی سپلائی کمپنیوں کی کارکردگی اور فعالیت کو بڑھانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے میں اصلاحات انہتائی ضروری تھی۔
نئی تقرریاں ہوںگی:
منظور شدہ تنظیمی ڈھانچے کے تحت تقریباً 211 اسسٹنٹ انجینئرس، 1339 جونیئر انجینئرس، 8094 لائن اسسٹنٹ اور 20 ہزار 118 لائن اٹینڈنٹ سمیت دیگر آسامیوں پر نئی تقرریاں کی جائیں گی۔