اسلام آباد 31 دسمبر (یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز کرکٹر آف دی ایئر، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا۔آئی سی سی نے پیر کو مینز کرکٹر آف دی ایئر کی سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کی نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں انگلینڈ کے 2 جبکہ ہندوستان اور آسٹریلیا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔آئی سی سی کے مطابق مینز کرکٹر آف دی ایئر کیلئے ہندوستان کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو نامزد کیا گیا ہے۔اس کےعلاوہ آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا بھی اعلان کیا گیا۔ آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک جبکہ ہندوستان کے جسپریت بمراہ اور سری لنکا کے کمندو مینڈس کو نامزد کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا بھی اعلان کیا جس میں 4 سال سے مسلسل نمبر ون رہنے والے پاکستان کے بابر اعظم کو شامل نہیں کیا گیا۔ آئی سی سی کے مطابق ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کیلئے افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی، سری لنکا کے کوسال مینڈس اور وانندو ہسارنگا جبکہ ویسٹ انڈیز کے رتھرفورڈ کو نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم سال 2022،2021، 2023 اور 2024 کے اختتام پر ون ڈے کے ٹاپ بیٹر رہے ہیں جبکہ سال 2022 اور 2023 میں مسلسل 2 بار آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے تھے۔
بھارتیہ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
31 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخی کلین سوئپ کے بعد آسٹریلیا میں مسلسل شکستوں پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے 3 میچوں میں محض 31 رنز بنائے ہیں جو جسپریت بمرا کی جانب سے حاصل کی گئی (30) وکٹوں سے محض ایک نمبر زیادہ ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ’بارڈر گواسکر ٹرافی‘ کے 5 میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں جسپریت بمرا کی قیادت میں ہندوستان نے میزبان ٹیم کو 295 رنز سے شکست دی تھی۔
تیسرا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کےختم ہوا اور باقی میچوں میں ہندوستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) حکام اور قومی سلیکٹرز نے روہت شرما سے بات کی ہے تاہم ریٹائرمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا کہ وہ اس کا اعلان کب کریں گے، ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے بعد روہت شرما ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔تاہم ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اگر ہندوستان کسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو روہت شرما بورڈ حکام اور سلیکٹرز سے کچھ وقت مانگیں گے اور انہیں فائنل تک ریٹائرمنٹ کو روکنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔