نئی دہلی، 29 جون (یواین آئی) ہندوستان کا 20 رکنی دستہ پیر سے شروع ہونے والے ورلڈ باکسنگ کپ قازقستان 2025 میں مردوں اور خواتین کے مختلف وزن کے زمروں میں مقابلہ کرے گا۔ژاکسیلیک اوشکیمپیروف مارشل آرٹس پیلیس میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ تین مقررہ ایونٹس میں سے دوسرا ہے، جو باکسرز کو پورے سال رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ قازقستان مرحلہ چار جولائی تک جاری رہے گا۔ اس میں اولمپین سمیت 31 ممالک کے 400 سے زائد باکسرز مردوں اور خواتین دونوں کے 10 ویٹ کیٹیگریز میں مقابلہ کریں گے۔ ہندوستان کی 10 رکنی خواتین ٹیم میں پیرس 2024 اولمپین اور کامن ویلتھ گیمز کی تمغہ جیتنے والی جیسمین لیمبوریا کے ساتھ ساتھ ٹوکیو اولمپین اور سابق ایشین چیمپئن پوجا رانی بھی شامل ہیں۔اسی دوران، برازیل میٹ سے مردوں کی ہندوستانی باکسنگ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ 70 کلوگرام وزن کے زمرے میں طلائی تمغہ جیتنے والے ہیتش گولیا، چاندی کا تمغہ جیتنے والے ابھیناش جاموال (65 کلوگرام) اور ایشین گیمز کے کانسی کے تمغہ جیتنے والے نریندر بیروال اس ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ورلڈ باکسنگ کپ قازقستان 2025 کے لیے ہندوستانی ٹیمیں اس طرح ہیں:
مردوں کا ایونٹ: جدومنی سنگھ منڈینگبام (50 کلوگرام)، منیش راٹھوڑ (55 کلوگرام)، سچن (60 کلوگرام)، ابھیناش جاموال (65 کلوگرام)، ہیتش (70 کلوگرام)، نکھیل دوبے (75 کلوگرام)، لکشے چاہر (80 کلوگرام)، جگنو (85 کلوگرام)، وشال (90 کلوگرام) اور نریندر بیروال (90 کلوگرام سے زائد) ویٹ کیٹیگریز میں مقابلہ کریں گے۔خواتین کا ایونٹ: میناکشی (48 کلوگرام)، انامیکا (51 کلوگرام)، ساکشی (54 کلوگرام)، جیسمین لیمبوریا (57 کلوگرام)، سنجو (60 کلوگرام)، نیرج پھوگٹ (65 کلوگرام)، ایس چانو (70 کلوگرام)، مسکان (75 کلوگرام)، پوجا رانی (80 کلوگرام) اور نوپور (80 کلوگرام سے زائد) ویٹ کیٹیگریز میں مقابلہ کریں گی۔









