سرینگر11ستمبر:جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز کے زیر انتظام اس خطہ کا دورہ کیا اور مختلف تقاریب میں شرکت کی۔ اننت ناگ میں منعقد ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اگر لوک سبھا انتخاب میں ہم (انڈیا اتحاد) 20 سیٹیں مزید جیت جاتے تو 400 پار کا نعرہ دینے والے جیل میں ہوتے۔‘‘ ملکارجن کھڑگے نے پی ایم مودی کا نام لیے بغیر انھیں ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’یہ لوگ ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ ہمیں ڈراتے ہیں، لیکن (انڈیا) اتحاد والے ڈرتے نہیں ہیں۔ یہ (مرکزی) حکومت تو ٹوٹی پھوٹی ہے۔ اسے ایک پیر نتیش کمار نے دی اور دوسرا ٹی ڈی پی نے۔ پہلے یہ لوگ ’400 پار‘ کی بات کرتے تھے، لیکن 240 پر آ گئے۔ اگر ہم صرف 20 سیٹیں اور حاصل کرتے تو یہ سب لوگ جیل میں ہوتے، اور یہ لوگ جیل میں ہی رہنے کے قابل ہیں۔ میں یہی کہوں گا کہ آپ مایوس نہ ہوں اور آپ کے سردار مضبوط ہیں۔ کوئی ڈرنے والا نہیں ہے۔‘‘ کانگریس صدر کھڑگے نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو انھیں اکھاڑ کر پھینکنا ہے۔ ہماری حکومت آئے گی اور ہم جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دلائیں گے۔ اس کے لیے ہم سبھی کوششیں کریں گے۔ ملکارجن کھڑگے نے مزید کہا کہ ’’یہ لوگ کہتے ہیں کہ آپ کیسے مکمل ریاست کا درجہ دیں گے؟ میں بتا دوں کہ حکومت کچھ نہیں کرتی ہے۔