بھوپال:12؍فروری:(پریس ریلیز )سعودی عرب کے شہر ابھا میں پھنسے ہندوستانی مزدوروں کے لیے 11 فروری کا دن انتہائی راحت بخش ثابت ہوا۔ آج ممبئی ایئرپورٹ پر 99 ہندوستانی مزدور محفوظ طور پر اتر چکے ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے وہاں مشکل حالات کا سامنا کرنے والے یہ مزدور وطن واپسی کی التجا کر رہے تھے۔ سماجی کارکن سید عابد حسین اور بھارتی سفارت خانے کی کاوشوں سے اب تک کل 160 افراد اپنے گھروں کو محفوظ واپس پہنچ چکے ہیں۔مزدوروں کی واپسی ایک ساتھ نہیں بلکہ الگ الگ بیچوں میں ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق ابھا میں کل 161 مزدور پھنسے تھے، جن میں سے 160 ہندوستان واپس آ چکے ہیں۔ یہ سلسلہ 7 فروری سے شروع ہوا تھا۔ عابد حسین نے خود ممبئی ایئرپورٹ پر جا کر ان تمام 160 ہندوستانیوں کا استقبال کیا، جہاں ان کی خوشی چہروں پر صاف جھلک رہی تھی۔









